پشاور۔ 21 دسمبر (نمائندہ عسکر): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ ہمیشہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو قانون و انصاف کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں، قانون کی حکمرانی معاشرتی ترقی کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے سینٹر فار لرننگ لا اینڈ بزنس(سی ایل ایل بی)پشاور کے دورہ کے موقع پر شعبہ قانون کی معیاری تعلیمی فراہمی پر سی ایل ایل بی کی انتظامیہ و فیکلٹی اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ شعبہ قانون سمیت تمام شعبوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں نجی اداروں کی خدمات کے معترف ہیں۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ شعبہ قانون کے طالب علموں کو ملکی و عالمی قوانین و عدالتی نظام کے مطابق تیار کرنا چاہئے،قانون کا شعبہ واحد شعبہ ہے جو معاشرے کے دیگر تمام شعبوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے شعبہ سے وابستہ وکلا و طالب علم معاشرے میں قانون و انصاف کے لئے اہم کردار کے حامل افراد ہیں،موجودہ صدی علم و کاروبار کی صدی ہے، نوجوانوں کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے برابر لانے کے لئے علم و کاروبار میں آگے لانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان قابلیت میں کسی سے کم نہیں صرف درست رہنمائی کی ضرورت ہے، حکومت سمیت ہم سب کی مشترکہ زمہ داری ہے کہہم اپنے نوجوان کے ٹیلنٹ کو ضائع ہونے سے بچائیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا گلوبل ویلج ہے جہاں مقامی و ملکی سطح کے ساتھ عالمی چیلنجز کے مقابلوں کے لئے خود کو تیار رکھنا ہے، ہمارے نوجوانوں کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کی فراہمی ہی انہیں دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کر سکتی ہے،نوجوانوں نے اپنے عمل، تعلیم، مضبوط ارادوں سے نہ صرف اپنی بلکہ ملک و قوم کا عزت و وقار بلند کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں برداشت، تحمل اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا،اخوت اور یگانگت کی ایسی تعلیم دینی ہوگی جو طبقاتی کشمکش سے بالا تر ہو۔اس موقع پر گورنرکو پشاور میں شعبہ قانون کی تعلیم سے متعلق یونیورسٹی آف لندن سے الحاق شدہ ادارے سی ایل ایل بی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
Comments are closed.