گلگت بلتستان میں فوڈ سیکیورٹی کے فروغ کے لیے سعودی کمپنی کے حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

گلگت۔ گلگت بلتستان میں فوڈ سیکیورٹی کے فروغ کے لیے سعودی کمپنی کے حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری خوراک گلگت بلتستان، صفدر خان،سیکریٹری واٹر مینجمنٹ اعظم خان،سیکریٹری ایگریکلچر دیگر حکام شریک تھے۔اس موقع پر سعودی کمپنی کے اعلیٰ حکام نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے خطے میں فوڈ سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز، مواقع، اور ممکنہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سعودی کمپنی کے نمائندوں نے فوڈ سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، زرعی ترقی، اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنی دلچسپی اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سیکریٹری خوراک صفدر خان نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ گلگت بلتستان کی مخصوص جغرافیائی و ماحولیاتی صورتحال کے باوجود، فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانا حکومت گلگت بلتستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سعودی کمپنی کے ساتھ تعاون خطے میں پائیدار ترقی اور خوراک کے مسائل کے حل میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ان کامذہد کہنا تھا کہ یہ اجلاس خطے میں خوراک کی دستیابی، معیار، اور خودکفالت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے فوڈ سپلائی چین کو مضبوط بنانے، زرعی پیداوار میں اضافے، اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز کے نفاذ کے لیے ممکنہ منصوبوں پر غور کیا۔ اس کے علاوہ، سعودی کمپنی نے خطے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مقامی کسانوں کی مہارتوں کو بڑھانے کے لیے تربیتی پروگرامز شروع کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔
اجلاس کے اختتام پر دونوں فریقین نے فوڈ سیکیورٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے قریبی رابطے اور مزید تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

Daily Askar

Comments are closed.