اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے بے گھر اور بزرگ افراد کو تمام بنیادی سہولیات اور ضروریات زندگی پہنچانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مخیر حضرات، فلاحی ادارے اور معاشرے کے دیگر طبقات کو بزرگ افراد کی دیکھ بھال کیلئے خصوصی کاوشیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اولڈ ایج ہوم عافیت ملتان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسلام بزرگوں کے احترام اور ان کا خیال رکھنے کو خاص اہمیت دیتا ہے ، اس ضمن میں والدین اسلامی تعلیمات کے مطابق اولاد کی اچھی تعلیم و تربیت کا بندوبست کریں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کے حقوق پورے کرنا اولاد کی اولین ذمہ داریوں میں سے ہے، بزرگ افراد کیلئے قانونی اور معاشرتی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشرے میں نادار افراد اور بزرگوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی اداروں، غیرسرکاری تنظیموں ، سول سوسائٹی کو مل کر کام کرنا چاہیے ۔
صدر مملکت نے بزرگ افراد کا خیال رکھنے پر تارے زمین پر ٹرسٹ اور عافیت کے کردار کو سراہا۔ بعد ازاں صدر مملکت نے بزرگ افراد کیلئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔
Comments are closed.