گورنر بلوچستان کا دو روزہ کامیاب دورہ خضدار

کوئٹہ 22 نومبر: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ آپ لیپ ٹاپ کو محض ایک الیکٹرانک ڈیوائس نہ سمجھیں بلکہ لیپ ٹاپ دراصل آپ کو پوری دنیا سے جوڑنے اور مربوط رکھنے کا معتبر وسیلہ ہے. اس ضمن میں انٹرنیٹ پر دستیاب علمی اور تحقیقی مواد سے استفادہ کر کے ہم عوامی سطح پر جہالت کے اندھیروں سے نکل کر علم و شعور کی روشنی کی جانب اپنے قلم و قدم کو آگے بڑھا سکتے ہیں. توقع ہے کہ خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد کی قیادت میں قومی سطح پر ممتاز مقام حاصل کریگی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر وائس چانسلر خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی اور سینئر فیکلٹی ممبرز سمیت اسٹوڈنٹس کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی. شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ
آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹک ٹیکنالوجی کے دور میں آج کا پروگرام یہ دعوت فکر دیتا ہے کہ آپ اپنے ذہنوں کو جدید علم و فلسفہ سے روشن کریں. انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انسانی زندگی کا لازمی جز ہے جس کے بغیر کامیاب زندگی گزارنا ممکن ہی نہیں ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمیں دکھ ہوتا ہے کہ اس ترقی یافتہ دور میں بھی بلوچستان سے بیرونی ممالک روزی روٹی کمانے کیلئے لوگ بطور چوکیدار ،مزدور یا ڈرائیور وغیرہ جاتے ہیں. اس ضمن میں ہماری خواہش ہے اور شعوری کوششیں بھی کر رہے ہیں کہ آئندہ ہمارے صوبے سے پڑھے لکھے نوجوان بیرونی ملک ڈاکٹر، انجینئر، پائلٹ، ریسرچر یا پروفیشنل ماہر کے طور پر جائیں. انہوں نے کہا کہ ایک باشعور اور حساس شخص کیلئے یہ ایک تکلیف دہ منظر ہے کہ بلوچستان میں شدید غربت، بےروزگاری اور کمر توڑ مہنگائی کے باعث والدین اپنے معصوم بچوں کو کمائی پر لگا دیتے ہیں. یہ ہمارے معاشرے کا ایک افسوسناک پہلو ہے کہ ہمارے پھول جیسے بچے آپ کو مختلف دکانوں، ہوٹلوں، گیراجوں اور کچرہ دانوں کے ڈھیر پر نظر آتے ہیں. گورنر بلوچستان نے صوبے بھر کے روشن فکر اور ترقی پسند حضرات کو مخاطب کر کے کہا کہ پڑھے لکھے بلوچستان کا خواب انٹرنیشنل اداروں کی بھرپور مدد اور رہنمائی کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا. انہوں نے کامیاب لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب کے حوالے سے تمام منتظمین کی انتھک کاوشوں اور مہمانان گرامی کی شرکت کو سراہا. گورنر بلوچستان نے دعا کی کہ پروردگار ہمیں بلوچستان کو جدید دنیا سے ہم آہنگ کرنے کی توفیق عطا فرمائے. واضح رہے کہ گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ اپنے دو روزہ دورے کے دوران انتہائی مصروف دن گزارے اور بدھ کی صبح بلوچستان بار ایسوسی ایشن خضدار کے صدر ایڈوکیٹ عبدالخالق کی قیادت میں وکلاء برادری کے وفد سے ملاقات کی. بعدازاں انہوں نے خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے عملہ کے ساتھ کھلے سیشن میں ملاقات کی اور انکے مسائل کے بارے جانکاری حاصل کی. پھر اسکے بعد لیپ ٹاپ تقسیم کی پروقار تقریب میں شرکت کی اور اسٹوڈنٹس میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے. دریں اثناء گورنر بلوچستان کو انتظامی اور تدریسی امور سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی. آخر میں گورنر بلوچستان خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس میں گھل مل گئے اور یونیورسٹی کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا.

Web Desk

Comments are closed.