اسلام آباد۔22دسمبر (نمائندہ عسکر): نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مالی، انتظامی اور سیکورٹی کے حوالے سے ایسی کوئی صورتحال نہیں جو انتخابات میں تاخیر کا باعث بنے، انتخابات اپنے مقررہ وقت 8 فروری 2024ءکو ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر پر ہمیں بھرپور اعتماد ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
جمعہ کو یہاں انفارمیشن سروس اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیمرا ایکٹ میں صحافیوں کو تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ادارے جب پیمرا سے لائسنس حاصل کرتے ہیں تو اپنی پوری فزیبلٹی اور بزنس پلان شیئر کرتے ہیں۔ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ملازمتوں سے نکالنا افسوسناک ہے، اس حوالے سے چیئرمین پیمرا سے بات کی جائے گی کہ قانون کے تحت ان ورکرز کے تحفظ کے لئے کیا اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات اور متعلقہ ادارے اس کا نوٹس لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے آئے ہوئے مظاہرین کے حوالے سے تشکیل دی گئی کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے، ان مظاہرین کے مطالبات آج کے نہیں، کئی دہائیوں پہلے کے ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ ان مسائل کو حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی ہمارے مظاہرین سے مذاکرات ہوئے، خواتین اور بچے کافی مشکل صورتحال میں تھے، ہماری کوشش تھی کہ انہیں بحفاظت اپنے گھروں کو واپس بھیجا جائے۔ اس سلسلے میں ہم نے کچھ انتظامات بھی کئے لیکن وہ واپس نہیں جانا چاہتے تھے، خواتین اور بچوں کو فوری طور پر رہا کر دیا گیا، یہ مسئلہ ابھی ختم نہیں ہوا، کمیٹی موجود ہے اور اپنا کام کر رہی ہے۔
گورنر بلوچستان بھی یہاں آئے ہوئے ہیں، اس حوالے سے ان سے بھی بات ہوگی، کمیٹی وزیراعظم کو آج اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت میں دو دن کا اضافہ ہو گیا ہے، انتخابات کے انعقاد میں کوئی تاخیر نہیں اور نہ ہی ایسی کوئی وجہ نظر آتی ہے، انتخابات اپنے مقررہ وقت 8 فروری 2024ءکو ہوں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی کو مطالبہ کرنے کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر پر ہمیں بھرپور اعتماد ہے، کل الیکشن کمیشن کے اجلاس میں بھی تمام اراکین نے چیف الیکشن کمشنر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی جماعتوں کے اندرونی مسائل پر تبصرہ نہیں کر سکتے، ہم تمام جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں تاکہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں۔
Comments are closed.