ہلال احمر کے زیراہتمام نیشنل روڈ سیفٹی کانفرنس 2023 کا انعقاد، ٹریفک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ممکنہ اقدامات کو ترجیح دینا ہو گی، سردار شاہد احمد لغاری

اسلام آباد۔22دسمبر (نمائندہ عسکر):ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام نیشنل روڈ سیفٹی کانفرنس 2023 میں ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قوانین پر عملدرآمد،سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور ذمہ دارانہ طرز ڈرائیونگ سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز اور اٹالین ریڈ کراس کے تعاون سے منعقدہ کانفرنس میں سے خطاب کرتے ہوئے ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے،یہاں ٹریفک حادثات کی شرح میں روز بروز اضافہ اس کے حسن کا ماند کر رہا ہے۔

سیاحوں کا مرکز ہونے کی حیثیت سے پاکستان اپنا ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔بے پناہ خوبصورتی اور تنوع کے باوجود پاکستان برسوں سے ٹریفک حادثات اور شاہراہوں کے چیلنجز سے دوچار ہے۔ پاکستان کو دنیا بھر میں سڑک حادثات کی سب سے زیادہ شرح کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں سالانہ ہزاروں جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔

سردار شاہد احمد لغاری نے ہلال ا حمرکے کی جانب سے تعاون کو فروغ دینے، معلومات کے تبادلے اور سڑک حادثات کے نتائج کو کم کرنے کے لیے موثر حکمت عملیوں کو نافذ کرنے کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کانفرنس کو ماہرین، پالیسی سازوں اور سٹیک ہولڈرز کے لیے بامعنی بات چیت میں مشغول ہونے، بصیرت کے اشتراک اور اختراعی حل تیار کرنے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم قرار دیا۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ روڈ سیفٹی کے اقدامات کو ترجیح دیں، عوامی بیداری میں اضافہ کریں اور ایسی پالیسیوں پر عمل درآمد کریں جو سڑک استعمال کرنے والے ہر شخص کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں۔ان کا کہنا تھا کہ محفوظ شاہرائیں محفوظ سفر اور محفوظ زندگی کی ضمانت ہیں۔ٹریفک قوانین کی پاسداری ہر مہذب شہری کی اولین ذمہ داری ہے۔

نیشنل روڈ سیفٹی کانفرنس میں ہلالِ احمر کی قیادت، انتظامی عملہ، صوبائی برانچوں کے چیئرمین، سیکرٹریز، انٹرنیشنل فیڈریشن، انٹرنیشنل کمیٹی کے مندوبین، موومنٹ پارٹنرز، اسلام آباد ٹریفک پولیس، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کے علاوہ رضاکاروں نے شرکت کی۔

پاکستان میں آئی ایف آر سی کے سربراہ پیٹر پی وی نے روڈ سیفٹی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کی بات کی اور ایک محفوظ ٹریفک ماحول پیدا کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ہلال احمر کے ممبر منیجنگ باڈی اورمالیاتی امور کے سربراہ ڈاکٹر ارشاد محمد نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمدکو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور شرکاء سے کہا کہ وہ روڈ سیفٹی کے اقدامات کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنے میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔

اس سے قبل ہلال احمر پاکستان کے سیکرٹری جنرل محمد عبید اللہ خان نے روڈ سیفٹی پراجیکٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے مختلف سکولوں میں فراہم کی جانے والی ضروری تربیت اور آگاہی کا اجمالی خاکہ اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے انجام دی گئی سرگرمیوں سے متعلق بتایا۔ انہوں نے وطن عزیزمیں سڑک حادثات میں خطرناک حد تک اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور روڈ سیفٹی قوانین کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

نیشنل روڈ سیفٹی کانفرنس میں روڈ سیفٹی پراجیکٹ کی کامیابیوں سے متعلق دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ ایجوکیٹر سکول اسلام آباد کے طلباء نے روڈ سیفٹی قوانین پر عمل کرنے کی ضرورت پر مبنی ٹیبلو پیش کیا۔ شرکاء کے لئے ریفرشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

کانفرنس کے اختتام پرہلال احمر کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے اسلام آباد ٹریفک پولیس،نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے افسران، پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کے نمائندوں میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔شرکاء نے نیشنل روڈ سیفٹی کانفرنس 2023 کو پاکستان میں محفوظ ٹریفک ماحول پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ واضح رہے کہ ہلال احمر پاکستان سڑک حادثات کو کم کرنے اور اپنے شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

Web Desk

Comments are closed.