سعودی وزارت تعلیم کی آن لائن ایجوکیشن کے لئے ہدایات

ریاض۔22دسمبر (اے پی پی):سعودی وزارت تعلیم نے پانچ موسمی حالات میں تدریس کا سلسلہ آن لائن کرنے کے لئے علاقے کے ایجوکیشن ڈائریکٹریٹس کو فیصلہ کرنے کے اختیارات دیئے ہیں۔اردو نیوز نے وزارت تعلیم کی جانب سے جاری ہدایت نامے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک کے تمام ریجنزکے تعلیمی ادارے آن لائن ایجوکیشن کے حوالے سے وازرت کی جاری ہدایات پرعمل کرنے کے پابند ہیں۔

وزارت تعلیم کی جانب سے موسمی حالات کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے تحت 9 نکاتی ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگرکسی علاقے میں 10 سے 50 ملی میٹرفی گھنٹہ یا اس سے زیادہ بارش ہوتی ہے تو تدریس کا سلسلہ آن لائن کیا جائے۔گرد وغبار یا آندھی میں جب حد نگاہ ایک کلومیٹر سے کم ہو جائے اس صورت بھی آن لائن تدریس ہو گی۔

گہری دھند جس میں حد نگاہ ایک کلومیٹر سے کم ہو یا تیز ہوا جو 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں اسی طرح موجوں کی بلندی 3 میٹر سے زیادہ ہونےپر ان علاقوں میں تدریس کا سلسلہ آن لائن کیا جائےگا۔سرد مقامات جہاں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری تک پہنچ جائے یا گرم مقامات جہاں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ ہو ان مقامات پرسکولوں کے بجائے تدریس کا سلسلہ آن لائن ہوگا۔

وزارت نے مزید کہا کہ آن لائن ایجوکیشن کا فیصلہ محکمہ موسمیات ، ریجنل گورنریٹ، شہری دفاع اورمیونسپلٹی کی جانب سے جاری ہونے والی موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق کیا جائے۔

Web Desk

Comments are closed.