بی جے پی رہنما کے قریبی ساتھی کے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کا صدر منتخب ہو نے پر خاتون ریسلر کا ریسلنگ چھوڑنے کا اعلان

نئی دہلی ۔22دسمبر (اے پی پی):بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے قریبی ساتھی اور بزنس پارٹنر سنجے سنگھ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف خواتین کھلاڑیوں کی جانب سے ہراساں کرنے کے سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں اور ان کے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر منتخب کے جانے کے خلاف انڈین خواتین ریسلر نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کھلاڑیوں کی ہراسانی کے حوالے سے حالات تبدیل ہو نے بارے مایوسی کا اظہار کیا ہے جبکہ خاتون ریسلر ساکشی ملک نے ریسلنگ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

بی بی سی کے مطابق 18 جنوری 2023 کو پہلوان ونیش پھوگاٹ، ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا نے ریسلنگ فیڈریشن کےسابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف کئی سنگین الزامات عائد کئے تھے۔ ونیش پھوگاٹ نے روتے ہوئے کہا تھا کہ برج بھوشن سنگھ اور کوچ، نیشنل کیمپ میں خواتین ریسلرز کو جنسی طور پر ہراساں کرتے ہیں۔پھوگاٹ نے کہا تھا وہ ہماری ذاتی زندگی میں مداخلت کرتے ہیں ۔ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے برج بھوشن سنگھ نے تب کہا تھا کہ کسی کھلاڑی کے ساتھ جنسی زیادتی نہیں کی گئی ۔

اس کے بعد مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے ان کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور 23 جنوری کو الزامات کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔کمیٹی کی تحقیقات کے بعد اس معاملے میں ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 354، 354 اے، 354 ڈی اور 506 (1) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں وہ ضمانت پر ہیں جبکہ حالیہ انتخابات میں ان کے قریبی ساتھی سنجے سنگھ ریسلنگ فیڈریشن کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

خاتون ریسلر ساکشی ملک نے ایک پریس کانفرنس میں ریسلنگ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ میں آج کے بعد آپ کو دوبارہ کبھی کھیل کے میدان میں نظر نہیں آؤں گی۔اس کے بعد انھوں نے پریس کانفرنس میں اپنے وہ جوتے جو وہ پہن کر ریسلنگ کرتی تھیں اُٹھائے اور اُنھیں میز پر رکھ دیا۔ برج بھوشن شرن سنگھ نے ساکشی ملک کے اس فیصلے پر رد عمل میں کہا کہ ساکشی ملک کے ریسلنگ چھوڑنے کے فیصلے سے میرا کوئی لینا دینا نہیں۔

Web Desk

Comments are closed.