فیصل آباد۔ 22 دسمبر (اے پی پی):جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آباد اور نیٹ سول ٹیکنالوجیز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے گئے ہیں جس کے تحت نیٹ سول ٹیکنالوجیز وومن یونیورسٹی کی آئی ٹی کے شعبہ سے وابستہ طالبات کو انٹرن شپ فراہم کرے گی اس طرح طالبات دوران تعلیم ہی آئی ٹی کے شعبہ کی عملی پریکٹس کی مہارت حاصل کرکے عملی میدان میں قدم رکھیں گی۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں نیٹ سول ٹیکنالوجیزکے چیف ایگز یکٹو آفیسر سلیم غوری نے موٹیویشنل ٹاک کے دوران طالبات کو اپنی کتاب” سب ممکن ہے ”کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ سب ممکن بنانے کیلئے خواب دیکھنا اور منزل کا تعین کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ 54 سال سے آئی آٹی کے شعبہ میں کام کر رہے ہیں۔ان کاخواب تھا کہ کچھ ایسا کریں کہ ان کی ذات کے ساتھ ساتھ ان کے ملک کو بھی فائدہ ہو۔انہوں نے کہا کہ منزل کو پانے کیلئے امید، ہمت اور پختہ یقین ہونا لازمی ہے کیونکہ کامیابی کے راستے میں بہت سی رکاوٹیں آتی ہیں لیکن مستقل مزاجی سے منزل کی جانب رواں دواں رہنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ نہیں کہ ہم کس قدر ذہین ہیں لہٰذا اپنی ذہانت کو پہچانیں اور آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی صرف پیسہ نہیں بلکہ اپنے مقاصد کی تکمیل اوراس پر مطمئن ہونا اصل کامیابی ہے۔وائس چانسلر گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کہا کہ وہ ا سلم غوری کی بہت مشکور ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کے تجربات سے انہیں آگاہ کیا اور ان کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ جی سی وومن یونیورسٹی کی ہر طالبہ اس مقام پر ہو جس پر آج سلیم غوری ہیں۔
Comments are closed.