پنجاب میں بیماریوں کی وجوہات کی سرویلنس اور بیماری پھوٹ پڑنے پر فوری رسپانس کا نظام تیار کر لیا گیا ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر

پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں ، بنیادی مراکز صحت اور دیہی ہیلتھ سنٹرز کو کمپیوٹرائز کر دیا گیا ہے۔ وزیر پرائمری ہیلتھ کیئر

لاہور22 دسمبر (نمائندہ عسکر): وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ پنجاب میں بیماریوں کی وجوہات کی سرویلنس اور بیماری پھوٹ پڑنے پر فوری رسپانس کا نظام تیار کر لیا گیا ہے۔اس مقصد کے لئے پنجاب کے 9 اضلاع میں طبی عملے کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔ باقی اضلاع میں طبی عملے کی تربیت جلد شروع کی جا رہی ہے۔ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں ، بنیادی مراکز صحت اور دیہی ہیلتھ سنٹرز کو کمپیوٹرائز کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے تمام مریضوں کی بیماریوں اور علاج معالجے کا ریکارڈ محفوظ کیا جا رہا ہے۔ پسماندہ اور دیہاتی علاقوں میں بھی مریضوں کی بیماریوں کی کیس ہسٹری ڈیجیٹل طریقے سے محفوظ کی جا رہی ہے۔مریضوں کا یہ ڈیٹا چھوت کی بیماریوں کی روک تھام کے پیشگی اقدامات کرنے کے لئے مددگار ثابت ہو گا۔اس ڈیٹا کی روشنی میں کسی خاص علاقے میں بیماری پھیلنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے علاوہ انہیں روکنے اور ان پر قابو پانے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ وہ گزشتہ محکمہ صحت کے عملے کی تربیتی ورکشاپ کے اختتامی اجلاس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈاکٹر محمد سرتاج کنٹری لیڈ یو کے ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی، ڈاکٹر ید اللہ، ڈاکٹر سعید گھمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پنجاب میں بیماریوں کے خلاف سرویلنس سسٹم میں بہتری آئی ہے۔پنجاب انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز پر عملدرآمد کے سلسلے میں سرگرمی سے کام کر رہا ہے۔چھوت کی بیماریوں کی روک تھام کے لئے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تربیت کے سلسلے میں بین الاقوامی اداروں کے تکنیکی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پنجاب کے عوام کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔

Web Desk

Comments are closed.