وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی ہدایت پر سات رکنی میڈیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم وادی نیلم کے برف سے متاثرہ علاقے ہلمت روانہ ہو گئی

مظفرآباد(پی آئی ڈی)23جنوری: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی ہدایت پر سات رکنی میڈیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم وادی نیلم کے برف سے متاثرہ علاقے ہلمت روانہ ہو گئی۔ میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس ٹیم پاکستان آرمی کے تعاون سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ڈاکٹرز پر مشتمل ہے۔

ایمرجنسی ریسپانس میڈیکل ٹیم جمعرات کے روز علی الصبح مظفرآباد ائیرپورٹ سے بذریعہ آرمی ہیلی کاپٹر ہلمت روانہ ہوئی۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر فاروق احمد اعوان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران عباس نقوی اور ڈاکٹر واجد علی خان صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن آزادکشمیر نے میڈیکل ٹیم کو نیلم کے لیے روانہ کیا۔ سات رکنی میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹر وقار اشرف بٹ چائلڈ سپیشلسٹ،ڈاکٹر ارشد راجہ ایڈیشن میڈیکل آفیسر، ڈاکٹر ساجد علی گورسی، ڈاکٹر طارق عبداللہ، ڈاکٹر صدف سرفراز ، ڈاکٹر رافعیہ کریم، ڈاکٹر حنا منور شامل ہیں۔ میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس ٹیم پندرہ دن ہلمت میں میڈیکل کیمپ لگائے گی۔ دوسرے مرحلہ پر شاردہ، پھلوائی اور دیگر علاقوں کے لیے الگ ٹیمیں روانہ کی جائیں گی۔ وزیرصحت عامہ ڈاکٹر نثار انصر ابدالی روزانہ کی بنیاد پر نیلم میں طبی سہولیات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں جبکہ چیف سیکرٹری آزادکشمیر خوشحال خان اور سیکرٹری صحت عامہ بریگیڈیئر محمد فرید خان میڈیکل کیمپ کی نگرانی کر رہے ہیں۔ عوام علاقہ نیلم نے وزیراعظم آزادکشمیر اور پاک فوج سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے خصوصی میڈیکل ٹیم برف سے متاثرہ علاقوں کے لیے بھیجی ہے۔ پاک فوج نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہماری مدد کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن نے کہا کہ وزیر آزادکشمیر کی ہدایت اور پاک آرمی کے تعاون سے وادی نیلم کے برف سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ میڈیکل ٹیم کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کی جانب سے انتظامیہ کی تحریک پر بھرپور تعاون کے لیے انکے شکرگزار ہیں۔ آئندہ دنوں میں دیگر علاقوں کے لیے بھی خصوصی میڈیکل ٹیمیں بھیجی جا رہی ہیں۔ میڈیکل ٹیم میں انتہائی پروفیشنل ڈاکٹرز موجود ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے برف سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو میڈیکل سمیت تمام سہولیات فراہمی کی ہدایت کر رکھی ہے۔ کمشنر نے کہا کہ وزیراعظم خود انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ایمرجنسی میڈیکل ریسپانس میں حصہ لینے والے رضاکاروں کے شکر گزار ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں برف سے متاثرہ اپنے بھائیوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں گے۔
******

Daily Askar

Comments are closed.