وزیراعظم۔۔۔جرمن چانسلر ملاقات پاکستان اور جرمنی کا تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
وزیراعظم۔۔۔جرمن چانسلر ملاقات
پاکستان اور جرمنی کا تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
پیرس۔23جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور جرمن چانسلر اولاف شولز نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعہ کو یہاں نئے عالمی مالیاتی معاہدہ سے متعلق سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات میں ہوا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے امداد اور 163 ملین یورو کی معاشی معاونت کی فراہمی پر جرمن حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے 27 ملین یورو کی اضافی رقم سیلاب متاثرین کی مدد اور خوراک کی فراہمی کے لئے استعمال ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کی ترقی کو ہمیشہ ایک مثال کے طورپر پیش کیا ہے، جرمنی نے جس طرح محنت سے اپنا مقام بنایا ہے وہ ترقی پذیر ممالک کے لئے ایک عمدہ مثال ہے، ذاتی طورپر جرمنی کی ترقی، جرمن قوم کی محنت اور عزم کا گرویدہ ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موسمیاتی تبدیلی سے خطرات اور معاشی دبائو جیسے مسائل میں جرمنی ترقی پذیر ممالک کی آواز بنے گا، ترقی پذیر ممالک سے مالیاتی دبائو میں کمی سے وہاں کے عوام کو ریلیف دینے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں جرمن کمپنیوں اور این جی اوز کی خدمات کو سراہا ۔ دونوں قائدین نے پاکستان اور جرمنی میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ جرمن چانسلر نے وزیراعظم شہبازشریف کے لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے ۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا۔
Comments are closed.