وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے اور پائیدار ترقی اور موسمیاتی اہداف کے لیے مناسب مالیاتی فراہمی کے لیے سنجیدگی سے دوبارہ غور کرنےکی ضرورت ہے، وزیر اعظم شہباز شریف

 

وزیراعظم۔۔۔۔۔شرکت
وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے اور پائیدار ترقی اور موسمیاتی اہداف کے لیے مناسب مالیاتی فراہمی کے لیے سنجیدگی سے دوبارہ غور کرنےکی ضرورت ہے، وزیر اعظم شہباز شریف

پیرس ۔23جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے اور پائیدار ترقی اور موسمیاتی اہداف کے لیے مناسب مالیاتی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدگی سے دوبارہ غور کرنے پر زور دیا اورکہا ہے کہ ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے عالمی یکجہتی اور بڑھتے ہوئے تعاون اور مشترکہ ذمہ داریوں پر مبنی اجتماعی نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم میڈیا آفس سےجاری بیان کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پیرس میں 22 سے 23 جون 2023 تک منعقد ہونے والے نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے فرانس کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ دنیا خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کو متاثر کرنے والے بحرانوں کے پس منظر میں نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ کا مقصد ایک نئے اتفاق رائے کو فروغ دینا ہے جس میں بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات شامل ہیں، جو عالمی ترقیاتی ایجنڈے کو مؤثر طریقے سے فروغ دینے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان ترقی پذیر ممالک میں سے ایک کے طور پر اور موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں اس بحث کا ایک اہم شراکت دار بن کر سامنے آتا ہے۔ خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید آلات اور فنانسنگ پر گول میز کے پینلسٹ کے طور پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک نئے نظام کیلئے بھرپور موقف پیش کیا جو گلوبل سائوتھ کے مفادات اور ضروریات کے مطابق ہو۔ وزیر اعظم نے وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے اور پائیدار ترقی اور موسمیاتی اہداف کے لیے مناسب مالیاتی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدگی سے دوبارہ غور کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کے نتائج سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تجربے سے آگاہ کیا جس میں جلد ردعمل کے لیے قومی کوششوں کو متحرک کیا گیا ،بحالی اور تعمیر نو کیلئے بھرپور اقدامات کیے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر میکرون کی دعوت پر سربراہ اجلاس میں شرکت کرنے والے سربراہان مملکت و حکومت کے عشائیہ میں بھی شرکت کی۔ سربراہی اجلاس کے دوران وزیراعظم نے فرانسیسی صدر، سعودی ولی عہد، جرمن چانسلر، برازیل، کینیا، گھانا، سری لنکا، مصر، نائجر، کیوبا، بارباڈوس، ایتھوپیا کے وزرائے اعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز سمیت عالمی رہنمائوں کی بڑی تعداد سے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے چینی وزیراعظم لی چیانگ، یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین، اسلامی ترقیاتی بینک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی تعاون پر تبادلہ خیال کا موقع ملا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے عالمی یکجہتی اور بڑھتے ہوئے تعاون اور مشترکہ ذمہ داریوں پر مبنی اجتماعی نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔

Daily Askar

Comments are closed.