نگراں وفاقی وزیر تعلیم کی فجر رابعہ پاشا کو “یونیسکو پرائز فار گرلز اینڈ ویمن ایجوکیشن 2023” کا ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد

اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے بچیوں کی تعلیم کیلئے کام کرنے والی فجر رابعہ پاشا کو “یونیسکو پرائز فار گرلز اینڈ ویمن ایجوکیشن 2023” کا ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔

جمعرات کو وزارت کی جانب سے جاری بیان میں مدد علی سندھی نے کہا کہ انہوں نے ملک کا نام روشن کیا، ہمیں ان پر فخر ہے۔ فجر رابعہ پاشا کو خواتین کی تعلیم کی فراہمی کے سلسلے میں سکولوں کو قائم کرنے اور ان میں بچیوں کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے ان کے ادارے “پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن” پیج کو “یونیسکو پرائز فار گرلز اینڈ ویمن ایجوکیشن 2023” کا ایوارڈ دیا۔

ایوارڈ دینے کی تقریب چین میں منعقد ہوئی جس میں چین کی خاتون اول نے دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنی اس بیٹی اور اس کے ادارے اور وہاں پڑھنے والی بچیوں پہ فخر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قابلیت اور کارکردگی کی بنیاد پر فجر رابعہ پاشا کے ادارے کو اس ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے پر اپنی وزارت کے افسران کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ملک بھر میں 170 کے قریب نان فارمل سکول چلا رہا ہے جہاں زیادہ تر بچیوں کو تعلیم دی جا رہی ہے ان بچیوں میں افغان بچیاں بھی شامل ہیں۔ ان تعلیمی پراجیکٹس میں جاپان کا ادارہ جائیکا اور دیگر ممالک کی فلاحی تنظیمیں مالی معاونت فراہم کر رہی ہیں۔ یہ پراجیکٹس غربت کے خاتمے نیز خواتین کی فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

Web Desk

Comments are closed.