کراچی۔ 23 نومبر (اے پی پی):نیشنل ٹی ٹونٹی (کل) جمعہ سے کراچی میں شروع ہوگا، ٹورنامنٹ میں اٹھارہ ٹیمیں شریک ہیں جن کے میچز چار مختلف گرائونڈز میں کھیلے جائیں گے جن میں نیشنل سٹیڈیم، یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس، ہائی پرفارمنس سینٹر اوول گرائونڈ اور نیشنل بینک سپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تمام میچز پی ٹی وی سپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براڈکاسٹ ہونگے جبکہ غیرممالک کے لئے یوٹیوب پر لائیو سٹریمنگ ہوگی۔نیشنل سٹیڈیم میں ایک دن میں دو میچز سہ پہر تین بجے اور رات آٹھ بجے شروع ہونگے جن کے ٹاس اڑھائی بجے اور ساڑھے سات بجے ہوا کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچوں میں شائقین کا داخلہ مفت کردیا ہے جو حنیف محمد، جاوید میانداد اور فضل محمود انکلوژر میں بیٹھ کر میچ دیکھ سکیں گے۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 63میچز کھیلے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں 32گروپ میچز ہونگے جو 24سے 28 نومبرتک کھیلے جائیں گے جس کے بعد سپر8کا مرحلہ ہوگا۔اٹھارہ ٹیموں کو چار گروپس میں رکھا گیا ہے۔گروپ اے میں لاہور وائٹس، پشاور، کراچی بلوز، لاڑکانہ اور کوئٹہ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں لاہور بلوز، کراچی وائٹس، اسلام آباد، حیدرآباد اور ڈیرہ مراد جمالی شامل ہیں۔
اسی طرح گروپ سی میں راولپنڈی، ایبٹ آباد، فیصل آباد اور بہاولپور کی ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے۔گروپ ڈی میں ملتان، سیالکوٹ، فاٹا اور آزادجموں کشمیر کی ٹیمیں ہیں۔پہلے روز لاہور وائٹس کا مقابلہ لاڑکانہ سے اور کراچی بلوز کا مقابلہ پشاور سے این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔گروپ بی میں کراچی وائٹس کا مقابلہ اسلام آباد سے اور حیدرآباد کا مقابلہ ڈیرہ مراد جمالی سے یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔
گروپ سی میں راولپنڈی کامقابلہ ایبٹ آباد سے اور فیصل آباد کا مقابلہ بہاولپور سے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔گروپ ڈی میں ایچ پی سی اوول میں ملتان بمقابلہ سیالکوٹ اور فاٹا بمقابلہ آزاد جموں کشمیر ہوگا۔ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنائیں گی جو یکم سے آٹھ دسمبر تک رائونڈ رابن لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔دونوں سیمی فائنلز 9دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں سہ پہر تین بجے اور رات آٹھ بجے کھیلے جائیں گے۔
فائنل 10 دسمبر نیشنل اسٹیڈیم میں رات آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ روپے، رنرزاپ ٹیم کو پچیس لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو ڈھائی لاکھ روپے ملیں گے۔اتنی ہی رقم تین مختلف ایوارڈز، ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر، بہترین بولر اور بہترین وکٹ کیپر کے لیے رکھی گئی ہے۔سپر ایٹ مرحلے کے ہر مین آف دی میچ اور سیمی فائنلز کے پلیئر آف دی میچ کو پچیس ہزار روپے جبکہ فائنل کے پلیئر آف دی میچ کو پچاس ہزار روپے ملیں گے۔
پی سی بی کے 2014کے آئین کی بحالی کے بعد یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہے۔ اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ چھ ٹیموں کے ساتھ کھیلا گیا تھا جو سندھ کی ٹیم نے خیبر پختونخوا کوہراکر پہلی بار ٹائٹل جیتا تھا۔خیبر پختونخوا کی ٹیم جو لگاتار دو ٹورنامنٹ جیتی تھی اس شکست کی وجہ سے ہیٹ ٹرک نہیں کرپائی تھی۔
Comments are closed.