اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر صالح بن حمید سے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی اورخطیب بادشاہی مسجد لاہورمولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے جمعرات کو ملاقات کی جس میں امت کی وحدت واتحاد اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی،مولانا شمس الحق،ڈاکٹر ظفر اللہ جان و دیگر بھی موجود تھے۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر صالح بن حمید کا پاکستان آنا ہمارے لیے اور ہماری قوم کیلئے شرف اور فخر کی بات ہے،سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہیں،سعودی عرب نے پاکستان کا آزمائش کی ہر گھڑی میں کھل کر ساتھ دیا اس پر ہم سلام پیش کرتے ہیں،سعودی عرب امت اسلامیہ کی قیادت کا امین ملک ہے،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عرب لیگ اور او آئی سی کانفرنس میں غزہ و فلسطین کے حوالے سے جو جرأت مند انہ موقف پیش کیا وہ پوری امت اسلامیہ کا ترجمان ہے اور اس میں جو اعلامیہ پیش کیا گیا کہ غزہ کا محاصرہ ختم کیا جائے جنگ بندی کی جائے اور یہ ظلم و ستم جو غزہ کے مسلمانوں پر ڈھایا جا رہا ہے اس کو ختم کیا جائے اور دنیا کے ممالک کو اعلان کے ذریعے اسلحہ بند کرنے کی جو بات کی ہے اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہاکہ محراب و منبر اور آئمہ کا کردار بہت اہم ہے جو کہ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے ذریعہ بڑھنا چاہیے۔ مولاناسید محمد عبدالخبیر آزاد نے پاکستان کا عظیم بیانیہ پیغام پاکستان امام کعبہ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صالح بن حمیدکو پیش کیا جس کو امام کعبہ نے سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب کی مانند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علماء امت کا کردار معاشرے میں اہمیت کا حامل ہے،آخر میں امام کعبہ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صالح بن حمیدنے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی اتحاد امت،وحدت اور رویت ہلال کے حوالے سے شب و روز خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کے والد گرامی (مرحوم)مولانا ڈاکٹر سید محمد عبدالقادر آزادؒ کی وحدت الامہ کیلئے عظیم خدمات تھیں،آج آپ سے ملاقات کر کے آپ کے والد کی یادیں تازہ ہو گئیں۔ آخر میں امت کی وحدت،اتحاد،فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
Comments are closed.