راولپنڈی۔23دسمبر (نمائندہ عسکر):مسیحی روحانی پیشوا آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کی ترویج وقت کی ضرورت ہے جس کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو بلارنگ و نسل اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،مسیحیت پیار ، محبت اور امن کے فروغ کے لیے کوشاں ہے ، کرسمس ہمیں امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے ، مسیحی برادری پہلے کی طرح آئندہ بھی وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں رہے گی ۔بشپ ہائوس راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے منعقدہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
تقریب میں مسلم ،ہندو ، سکھ ومسیحی راہنما ئوں کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ویمن ایمپاورمنٹ مشعال حسین ملک ، سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر احمد نواز ، مسلم لیگی راہنما چوہدری تنویر ، بیرسٹر دانیال ، چوہدری اسامہ ، ملک ابرار ، ضیا اللہ شاہ ،رشید خان ،پاکستان پیپلز پارٹی کے سبط الحسن بخاری المعروف سبطی شاہ ،تاجر راہنما شیخ محمد حفیظ ، شعیب سڈل، امن کمیٹی کے رکن بابو ساجد امین کھوکھر ، فریاد فرانسس ،ریورنڈ فادرسرفراز سائمن ، نپولین گومز ، صنوبر گل ، مختلف ممالک کے سفرا وعلمائے کرام اظہار بخاری ،حافظ اقبال رضوی ، پیر عظمت اللہ اور انتظامی افسران شریک تھے۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر جوزف ارشد نے مسیحی برادری کو تلقین کی کہ کرسمس کی خوشیوں میں اپنے ضرورت مند اور مستحق بھائیوں کو بھی یاد رکھیں اور انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کریں ۔آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے مسیحی برادری کوکرسمس کی مبارکباد دی اور کہاکہ کرسمس امن ،صلح جوئی اور پیار کا پیغام ہے ، اس خوشی کے موقع پر مسیحی برادری یہ عہد کرے کہ وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن اور پیار و محبت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی ۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ویمن ایمپاورمنٹ مشعال حسین ملک نے بھی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اورآرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد اور دیگر معزز مہمانان کے ہمراہ امن کی شمع روشن اور کرسمس کیک کاٹا۔
Comments are closed.