سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے بروقت فیصلوں سے آئی ٹی برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کی راہ ہموار ہوگی،نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن

اسلام آباد۔23دسمبر (نمائندہ عسکر):نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)کے بروقت فیصلوں کے شاندار نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔

ایک ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ایس آئی ایف سی اور اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر گزشتہ ماہ ایک اہم پالیسی شمولیت کی ہے، جس کے تحت آئی ٹی کمپنیوں کو پاکستان میں اپنے اکائونٹ میں اپنی برآمدی آمدنی کا 50 فیصد ڈالر میں رکھنے کی اجازت دی گئی ہے اور وہ اس رقم سے بغیر کسی پابندی کے اپنے بین الاقوامی اخراجات کرسکیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں آئی ٹی کمپنیاں اپنے ڈالر وطن واپس لانے لگی ہیں اور نومبر میں ملک کی برآمدی آمدنی میں 14 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے۔

ڈاکٹر سیف نے امید ظاہر کی کہ اس شرح سے چند ماہ میں ملک میں آئی ٹی کی برآمدات 3 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ آئی ٹی برآمدات میں 10 ارب ڈالر کی آمدنی کی طرف ہمارا سفر بلند سطح کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مثبت نتائج سے مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کو ترغیب ملنے کی توقع ہے ، جس سے پورے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کو فائدہ ہوگا۔

Web Desk

Comments are closed.