وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیوا سے پیرس میں لندن روانگی سے پہلے ملاقات، آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کو دوہرایا
وزیراعظم۔۔۔ کرسٹلینا ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیوا سے پیرس میں لندن روانگی سے پہلے ملاقات، آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کو دوہرایا
اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کو دوہرایا اور کہا کہ پاکستان اپنی تمام کمٹمنٹس کو پورا کرنے کا جذبہ اور عزم رکھتا ہے، پاکستانی عوام کو ریلیف ملنا ان کا حق ہے، معاشی مشکلات نے عوام کو بہت زیادہ تکلیف میں مبتلا کیا جو ان کی برداشت سے باہر ہے، عوام کے ریلیف اور معاشی حقائق کے درمیان توازن چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر سے پیرس میں لندن روانگی سے قبل ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان پیرس میں تین ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کو دوہرایا۔ پاکستان کی معاشی حقیقتوں سے متعلق غور کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف کی سوچ کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان اپنی تمام کمٹمنٹس کو پورا کرنے کا جذبہ اور عزم رکھتا ہے۔ وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو شدید معاشی چیلنجز سے نکلنے میں دنیا کی معاونت کی قدر کرتے ہیں، سیلاب نے معاشی مشکلات کو مزید مشکل بنایا لیکن پاکستان نے اس کے باوجود اپنے عوام کو ریلیف دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کو ریلیف ملنا ان کا حق ہے، معاشی مشکلات نے عوام کو بہت زیادہ تکلیف میں مبتلا کیا جو ان کی برداشت سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ریلیف اور معاشی حقائق کے درمیان توازن چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کو واپس گروتھ کے راستے پر لانا آئی ایم ایف اہداف کے حصول کے لئے ضروری ہے، گزشتہ چار سال کی معاشی بدحالی کی بحالی کے لئے ناگزیر اقدامات لینا ہوں گے، معاشی بحالی سے آئی ایم ایف اہداف کو بہتر طور پر حاصل کیا جا سکتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح عالمی برداری کے ساتھ اپنے عزم اور وعدوں کی تکمیل پر پورا اترتا رہے گا۔آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے وزیر اعظم شہباز شریف کے پاکستان کے لئے عزم کو سراہا۔
Comments are closed.