مہران یونیورسٹی ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی سابق انتظامیہ فنڈز میں خورد برد کی مرتکب پائی گئی ہے۔ حسین بلوچ

1

 

کراچی

کراچی۔ 23 جولائی۔ رجسٹرار کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ محمد حسین بلوچ نے کہا ہے کہ تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرنے اور مکمل انکوائری کے بعد مہران یونیورسٹی ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (لمیٹڈ) جامشورو کی سابق انتظامیہ کو بے ضابطگیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سوسائٹی کے فنڈز میں غبن کا مرتکب پایا گیا۔ اتوار کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ پریس کانفرنسوں اور احتجاج کے ذریعے مذکورہ سوسائٹی کی سابق انتظامیہ نہ صرف حقائق چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں بلکہ وہ احتساب کے عمل سے بھی بچنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ حسین بلوچ نے  کہا کہ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ مہران یونیورسٹی ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ جامشورو کی سابق انتظامیہ کو مکینوں کے ممبرشپ کے حقوق، الاٹیوں کی سہولت کے لیے ترقیاتی کاموں کی شفافیت سمیت تمام دیگر  اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے مناسب موقع فراہم کیا گیا تھا لیکن وہ کوآپریٹو ایکٹ کے تحت  کوآپریٹو ایکٹ/2020 کے بعد جاری کردہ سیکریٹری کوآپریٹو ایکٹ کی حقیقی روح کے مطابق فرائض سرانجام دینے میں بری طرح ناکام رہی اور جب احکامات کی تعمیل کے لئے  کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی ایک ٹیم مذکورہ سوسائٹی آفس کا چارج لینے پہنچی، توعبدالقیوم ملاح سابق اعزازی سیکریٹری اور محمد بخش راجپر سابق چیئرمین نے بد نیتی کے ساتھ نہ صرف کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے افسران/ اہلکاروں کو دھمکیاں دیں بلکہ انہوں نے شرپسندوں اور نامعلوم افراد کی مدد سے امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے کی بھی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ تصدیق شدہ ذرائع کے مطابق محمد بخش راجپر سابق چیئرمین نے سوسائٹی کا ریکارڈ غیر قانونی طور پر کہیں اور منتقل کردیا ہے جو کہ سندھ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی ایکٹ کی سراسر خلاف ورزی ہے اور اس مقصد کے لیے جامشورو پولیس سے ان کے خلاف فوجداری ایف آئی آر درج کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔ رجسٹرار کوآپریٹیو ڈپارٹمنٹ محمد حسین بلوچ کے مطابق  یہ بھی معلوم ہوا کہ محکمہ اینٹی کرپشن مذکورہ سوسائٹی فنڈز کے  غبن، اختیارات کے ناجائز استعمال، الاٹیوں کے حقیقی حقوق سے محروم کر کے سہولیاتی پلاٹوں کے غیر قانونی استعمال اور ہر ماہ سوسائٹی اکاؤنٹ میں جمع کرائے بغیر واجبات کی رقم ہڑپ کرنے میں ملوث ہونے کی انکوائری بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے مہران یونیورسٹی ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹیڈ جامشورو کے حقیقی الاٹیز کو اپنے مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے  اور کہا ہے کہ ان کے مسائل کو اولین ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔

Daily Askar

Comments are closed.