پشاور(ایم-الیاس):نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ نے غیر مجاز افراد اور افسران سے سرکاری گاڑیاں فوری طورپر واپس لینے اور تفصیلی رپورٹ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کو پیش کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کردی ہے۔ صوبائی حکومتی ذرائع کے مطابق گڈ گورننس کے حوالے سے کیبنٹ روم میں منعقدہ اجلاس کا ایجنڈا بھی خفیہ رکھا گیا۔نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو سختی سے تاکید کی کہ سابقہ ادوار میں کی گئی غیر قانونی تقرریوں و تبادلوں کی نشاندہی کرکے فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔ قانونی امور میں محکمہ قانون اور ایڈوکیٹ جنرل سے قانونی رائے طلب کی جائے۔ غیر متعلقہ افراد اور افسران سے سرکاری گاڑیاں واپس لی جائیں اور اس ضمن میں رپورٹ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کو جلد ارسال کی جائے۔کرپشن کیسز کے تمام تحقیقاتی رپورٹس کو فوری طور پر وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری دفاتر کو ارسال کی جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔ افسران پر زور دیا گیا کہ وہ تمام معاملات خاص طور پر مالی امور، تبادلوں اور دیگر امور سے متعلق اقدامات میں شفافیت اور قانونی تقاضے عمل میں لائے جائیں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے سرکاری افسران کو کسی بھی بیرونی دباؤ میں آئے بغیر فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ تمام محکموں کی کارکردگی کا ماہانہ جائزہ لیکر اس ضمن میں رپورٹ وزیراعلیٰ دفتر کو ارسال کریں۔نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے کی بھی خصوصی طور پر ہدایت کی۔
Comments are closed.