دوسری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ 2023 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

دوسری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوئی۔ کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل محمد سلیم نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ ایونٹ کے دوران پاک بحریہ،پاک آرمی،واپڈا اور کے پی کے، پنجاب اور سندھ اسکواش ایسوسی ایشنز کے کھلاڑی مدمقابل ہوں گے۔ چیمپین شپ 23 سے 27 اگست 2023 تک جاری رہے گی جس میں کل 54 میچ کھیلے جائیں گے۔

قبل ازیں، ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر کموڈور توقیر احمد خواجہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ ہر دوسرے سال منعقد کیا جاتا ہے جو کہ پاکستان اور بیرون ملک اسکواش کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ قومی سطح پر اسکواش کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی اور مقامی کھلاڑیوں کو اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے اظہار کا موقع فراہم کرے گی۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نے کھلاڑیوں، آفیشلز، اسپانسرز اور کمانڈر کراچی کے تعاون اور تقریب میں موجودگی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

افتتاحی تقریب میں اسکواش کے لیجنڈری کھلاڑی جہانگیر خان سمیت سول اور عسکری افسران، سپانسرز اور اسکواش کے سینئر کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Daily Askar

Comments are closed.