گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ کسی ایک بچہ کا ضیاع پوری قوم کے نقصان کے مترادف ہے

کوئٹہ 24اکتوبر: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ کسی ایک بچہ کا ضیاع پوری قوم کے نقصان کے مترادف ہے. معاشرتی پسماندگی کی وجہ والدین کی اکثریت جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بچوں کی تربیت کرنے کی اہلیت سے محروم ہیں اور اگر تھوڑے بہت لوگ اس ضمن میں کچھ کرنا چاہتے بھی ہیں تو معاشی نآسودگی اور مالی مشکلات ان کی راہ میں رکاوٹ ہیں. یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ یہ بھی ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ والدین نے بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے مکمل کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے تمام تر ذمہ داری اساتذہ اور تعلیمی اداروں پر چھوڑ دیا ہے جبکہ اساتذہ اپنے آپ کو صرف نصاب کے مطابق تعلیم دینے کا ذمہ دار سمجھتے ہیں. دوسری جانب پل پل بدلتی دنیا جس رفتار ترقی کے مدارج طے کر رہی ہے اس میں ہمارے بچوں کیلئے بقاء کی صورت نظر نہیں آتی. جمود کی اس کیفیت کو توڑنے اور نئی نسل کے غیرمتعلق ہو جانے سے بچنے کیلئے تمام متعلقہ سرکاری اداروں کو آگے بڑھ کر کام کرنا ہوگا. سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ترقی جاری و ساری ہے اور ہمارے لیے رکنے والی نہیں. ہمیں ایک جانب والدین کو نئی ضروریات اور معروضی حالات سے آگاہ کرنا ہو گا، انھیں بنیادی ضروری سہولیات فراہم کرنی ہوگی اور دوسری جانب سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تیز ترقی دیکھتے ہوئے جدید بنیاد پر تعلیم کو آراستہ کرنا ہوگا. انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے نئی کتابوں سے رہنمائی حاصل کریں. واضح رہے کہ ہم اپنے بچوں کو مسقبل کیلئے تیار کرنا چاہتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ہم انھیں ماضی کی بجائے مسقبل می میں پیش آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل بنائیں.

Daily Askar

Comments are closed.