وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر جمال ناصر کو راولپنڈی میں منصوبوں کا مانیٹرنگ انچارج مقرر کر دیا

راولپنڈی۔ 24 دسمبر (نمائندہ عسکر):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر کو راولپنڈی میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کا انچارج تعینات کیا ہے۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی اعتماد پر ہر قیمت پر پورا اتریں گے اور راولپنڈی کے عوام کو بھی ‘محسن سپیڈ’ کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال کی تعمیر نو اور اپ گریڈیشن راولپنڈی میں مفاد عامہ کا سر فہرست منصوبہ ہے جسے اگلے ماہ تک مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو ہسپتال میں جاری منصوبوں اور راولپنڈی میں 36 سڑکوں کی مرمت اور کارپٹنگ بھی ترجیحات میں شامل ہیں جو ہر صورت مقررہ مدت میں پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوتاہی اور ناقص کام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا اور تساہل اور کام کے معیار میں قصداً کسی کمی کی صورت میں ذمہ دار افسران کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پورے صوبہ کی طرح راولپنڈی کی عوام کو بھی حکومت پنجاب کی طرف سے ریلیف دینے کیلئے اہم اقدامات کئے گے ہیں اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہ ہو گی اور چیف سیکرٹری کی نگرانی میں بیوروکریسی بھی اس حوالے سے متحرک ہے اور کام کے حوالے سے زیرو ٹالیرینس کی پالیسی پر کاربند ہےصوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ تمام وزراء کو صوبہ بھر میں جاری منصوبوں کی ذمہ داری دی گئی ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ تمام منصوبوں کو ڈیڈ لائن کے مطابق پورا کیا جائے۔

Web Desk

Comments are closed.