وزیراعلی محسن نقوی کے آج بھی 4گھنٹے تک نئے راوی پل،شاہدرہ چوک پراجیکٹس، تھانہ اسلام پورہ اورلبرٹی پولیس خدمت مرکزکے تفصیلی دورے

نئے راوی پل کے پائلنگ ورک کو 15 جنوری تک مکمل کرنے کا حکم، منصوبے پر دن رات کام اور31 جنوری تک مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے شاہدرہ چوک پر کام کی رفتار میں سست روی پر برہمی کا اظہار، سارا کام رکا ہوا ہے جو سراسر غلط ہے، ایک تاریخ طہ کریں اور 100 کام مکمل کریں

سڑکوں اور پارک سمیت میٹرو بس سروس کے ٹریک کو جلد مکمل کرنے کا حکم، 5 جنوری تک شاہدرہ چوک کی اطراف کی سٹرکیں اور دیگر کام مکمل ہونے چاہئیں
وزیر اعلی کی مسلسل مانیٹرنگ اور بروقت اقدامات سے خدمت مرکز پر لائسنس بنوانے والوں کا رش ختم،انتظار کی زحمت سے نجات، شہری خوش،محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا
وزیر اعلی نے میثاق سنٹر کا بھی وزٹ کیا اور عملے کی کارکردگی کی تعریف کی، شہریوں کی سہولت کیلئے لائسنس بنوانے کا عمل آسان بنا دیا ہے۔ محسن نقوی
اسلام پورہ تھانے کی عمارت پرانی، کمرے تنگ، چھوٹے کمرے میں بنا یا فرنٹ ڈیسک، وزیر اعلی کا فوری نوٹس، 31 دسمبر سے قبل تھانے کو نئی عمارت میں شفٹ کرنے کی ڈیڈ لائن
سیاست میں آنے کا نہیں، واپس جانے کا ارادہ ہے،حرام کھانے پر لعنت بھیجتا ہوں اور جو کھاتے ہیں ان پر بھی لعنت بھیجتا ہوں،جو کھا چکے ہیں ان پر بھی لعنت بھیجتا ہوں
سی ایم آفس کا خرچہ خود اٹھارہا ہوں، بجلی کا بل ایک تہائی کم ہوچکا ہے۔ میں اور میرے وزراء اور مشیرتنخواہیں نہیں لیتے، پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس بن چکے
ون وے کی خلاف ورزری پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، 31دسمبر تک لائسنس بنانے پر پرانی فیس لاگو رہے گی، یکم جنوری سے نئی فیس عائد ہوگی۔میڈیا سے گفتگو

 

لاہور24دسمبر(نمائندہ عسکر): وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے آج بھی 4گھنٹے تک نئے راوی پل،شاہدرہ چوک پراجیکٹس، تھانہ اسلام پورہ اورلبرٹی پولیس خدمت مرکزکے تفصیلی دورے کیے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے نئے راوی پل منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور پائلنگ کے کام کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پائلنگ ورک کو 15 جنوری تک مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر دن رات کام کیا جائے اورمنصوبے کو 31 جنوری تک مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے پل کے جاری ترقیاتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے راوی پر نئی مشین لگنے سے پائلنگ کے کاموں میں تیزی آئی ہے۔ زیر زمین سطح سے پتھروں کی لیئر ہٹانے اور پائلنگ کا کام چوبیس گھنٹے کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کی کل 52 پائلوں میں سے 4 پائلیں تیارہیں جبکہ 96 میں سے 20 گرڈرز تیار کر لیے گئے ہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے شاہدرہ چوک کے دورے کے دوران شاہدرہ چوک پر کام کی رفتار میں سست روی پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کئی روز قبل فلائی اوور پراجیکٹ مکمل ہونے کے باوجود شاہدرہ چوک پر کام مکمل نہ ہونا باعث تشویش ہے۔ سارا کام رکا ہوا ہے جو سراسر غلط ہے۔ ایک تاریخ طہ کریں اور 100 کام مکمل کریں۔ انہوں نے شاہدرہ چوک کی اطراف کی سڑکوں اور پارک سمیت میٹرو بس سروس کے ٹریک کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ 5 جنوری تک شاہدرہ چوک کی اطراف کی سٹرکیں اور دیگر کام مکمل ہونے چاہئیں اورشاہدرہ چوک پر کام کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کا بہترین انتظامات کیے جائیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈی جی ایل ڈی اے و کمشنر لاہورڈویژن، ڈی جی پی ایچ اے،سی ٹی او اور ڈپٹی کمشنر کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، سیکرٹری ہاؤسنگ،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی پی ایچ اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لبرٹی پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ بھی ہمراہ تھے۔ وزیر اعلی محسن نقوی کی مسلسل مانیٹرنگ اور بروقت اقدامات سے خدمت مرکز پر ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کا رش نہ ہونے کے برابر تھا اور شہریوں بغیرانتظار کیے لائسنس بنوارہے تھے۔ خدمت مرکز میں موجود شہریوں نے بہترین انتظامات پر وزیر اعلی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

ایک خاتون نے وزیراعلی محسن نقوی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ صرف 30 منٹ میں ٹیسٹ کے تمام مراحل مکمل ہوئے، شکریہ چیف منسٹر۔ انتظامات بھی بہترین ہیں اور عملے کا رویہ بھی بہت اچھا ہے۔عملے نے ہر موقع پر رہنمائی کی اور تعاون کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے خدمت مرکز میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور لائسنس بنوانے کے عمل کے بارے استفسار کیا۔شہریوں نے خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس اور ٹیسٹ کے لئے اچھے انتظامات کو سراہا۔شہریوں نے وزیر اعلی محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائسنس بنوانے کے لئے اب کئی کئی گھنٹے انتظار نہیں کرنا پڑتا اور تمام عمل 10 سے 20 منٹ میں مکمل ہو رہا ہے۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے گفتگو بھی کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ٹیسٹ کے لئے بنائے کاؤنٹرز کا بھی معائنہ کیا اور ٹیسٹ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے میثاق سنٹر کا بھی وزٹ کیا اور عملے کی کارکردگی کی تعریف کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے لائسنس بنوانے کا عمل آسان بنا دیا ہے۔ انسپکٹرجنرل پولیس نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ اب تک 40 لاکھ سے زائد لوگ ایپ ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے اسلام پورہ تھانے کا بھی دورہ کیا۔ تھانے کی عمارت پرانی، کمرے تنگ، انتہائی چھوٹے کمرے میں بنا یا گیا فرنٹ ڈیسک اورتھانے کی خراب حالت زار تھی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے 31 دسمبر سے قبل اسلام پورہ تھانے کو نئی عمارت میں شفٹ کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے موقع پر ہی انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کو ہدایات دیں۔ اسلام پورہ تھانہ کو اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت 40 تھانوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے تھانے کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے حوالات میں بند ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے پوچھا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک پر سائلین کی درخواستوں پر پراگرس کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ایف آئی آر کا بروقت اندراج کا حکم دیا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے زیر تعمیرنئے راوی پل کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں آنے کا نہیں، واپس جانے کا ارادہ ہے۔حرام کھانے پر لعنت بھیجتا ہوں اور جو کھاتے ہیں ان پر بھی لعنت بھیجتا ہوں،جو کھا چکے ہیں ان پر بھی لعنت بھیجتا ہوں۔ سی ایم آفس کا خرچہ خود اٹھارہا ہوں، بجلی کا بل ایک تہائی کم ہوچکا ہے۔ میں اور میرے وزراء اور مشیرتنخواہیں نہیں لیتے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس بن چکے ہیں۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ گاڑی یا موٹر سائیکل چلا ئیں لیکن لائسنس نہ ہو۔ون وے کی خلاف ورزری پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ پہلے راولپنڈی، لاہور،فیصل آباد اور دیگر بڑوں شہروں میں صرف 100سے 200لائسنس بنتے تھے۔ اب لاہور میں روزانہ 30سے 40 ہزار لائسنس بن رہے ہیں، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں 8 ہزار تک لائسنس بن رہے ہیں۔ڈرائیونگ لائسنس کی پابندی پر عملدر آمد کرانے کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔ 31دسمبر تک لائسنس بنانے پر پرانی فیس لاگو رہے گی، یکم جنوری سے نئی فیس عائد ہوگی۔ اگر 31دسمبر تک لائسنس بنوالیا جائے تو بچت ہوگی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پہلے منصوبوں میں تاخیر کی جاتی اور بلاضرورت التواء میں ڈال دیا جاتا۔منصوبے دو، دو تین، تین سال تاخیر کا شکار ہونے سے لاگت بڑھ جاتی۔ عوامی افادیت کے پراجیکٹ مکمل کرکے جانا چاہتے ہیں تاکہ زیر التواء نہ رہیں۔ امید ہے کہ بیشترزیر تکمیل منصوبے 31جنوری تک مکمل ہوجائیں گے۔ 2600کلو میٹر طویل 104 سڑکیں اور 100ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن بھی مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر وزیر ایک ہسپتال کی مانیٹرنگ کررہا ہے اب سیکرٹریز کی بھی ڈیوٹی لگا رہے ہیں، روزانہ دو تین وزٹ کیے جاتے ہیں۔ گوجرانوالہ ایکسپریس وے اور دیگر بڑے پراجیکٹس مکمل کرنے کی پوری کوشش ہے۔ نئے راوی پل کے منصوبے پرتیزی سے کام جاری ہے،پائلنگ میں مشکلات کی وجہ سے تاخیرہورہی تھی۔پائلنگ کے دوران نیچے سے دبے ہوئے کھجور کے درخت بھی نکلے ہیں۔تکنیکی بنیادوں پر تاخیر کے باوجود راوی برج جلد تکمیل کے لئے کوشش کررہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تکنیکی امور کے ساتھ ساتھ معیار اور مدت کو دونوں کو مدنظر رکھیں گے۔راوی برج، شاہدرہ برج اور امامیہ کالونی برج تینوں پل بننے سے علاقے کی حالت بدل جائے گی۔ شاہدرہ اور امامیہ کالونی کو ماڈل ٹاؤن اور گلبرگ کی طرح پی ایچ اے خوبصورت بنائے گا۔ ہر برج کی پائلنگ میں مشکلات آتی ہیں لیکن راوی برج کی پائلنگ زیادہ مشکلات ہیں۔ راوی برج 52 پائلنگ میں سے 4پائلنگ مکمل ہوچکی ہیں۔ کم از کم اجرت کی ادائیگی پر عملدرآمد کرانے کے لئے بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے تمام مسیحیوں بھائیوں کو کرسمس کی مبارک دیتا ہوں۔ ہم مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرجا گھروں کی سکیورٹی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ قائد اعظم ؒ کے نظریہ کے مطابق مسیحی برادری کی ہر خوشی میں ان کے ساتھ ہیں۔

Web Desk

Comments are closed.