کوئٹہ 24دسمبر:(این این آئی)اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ کرسمس محبت و اخوت، برداشت اور ایثار کا نام ہے، کسی بھی معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں انہی اقدار کا کلیدی کردار ہوتا ہے،مسیحی برادری نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے کہا کہ حضرت عیسیٰ ؑکی محبت، ہمدردی اور امن کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور ہماری رہنمائی کرتی ہیں مذاہب اور ثقافتوں کا تنوع پاکستان کے لئے باعث استحکام ہے ہم ملک میں امن، رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مسیحی برادری کی جانب سے کی جانے والی قابل ستائش خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حضرت عیسیٰ ؑ کی اخلاقی تعلیمات اور رہنمائی رہتی دنیا تک بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ہمیں حضرت عیسٰی علیہ السلام کے انسانی ہمدردی، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام پر عمل کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
Comments are closed.