اسلام آباد۔24دسمبر:بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا147 واں یوم پیدائش پیر 25 دسمبر کو ملی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ اتحاد، ایمان اور یقین محکم کے اصولوں پر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے عزم کے ساتھ منایا جائے گا، ملک بھر میں اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں، مشنز میں یوم قائد کی مناسبت سے تقریبات ہوں گی۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوگا اور اس کے بعد کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی پروقار کی تقریب ہوگی۔
سینئر حکام مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اوربابائے قوم کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ پوری قوم بابائے قوم کا یوم پیدائش روایتی جوش و خروش کے ساتھ منانے کی تیاری کر رہی ہے اور ان کی انتھک جدوجہد، دانشمندی اور قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کر رہی ہے جس کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کا قیام عمل میں آیا۔ یوم قائد کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریبات کے ساتھ ساتھ کیک کاٹنے کی تقریبات ہوں گی اور باہمی اتحاد و یگانگت کے ساتھ ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کے لئے بابائے قوم کی تعلیمات اور زریں اقوال پر روشنی ڈالی جائے گی۔
سیمینارز اور مباحثوں جیسی تقریبات کے لئے پروگرام مرتب کر لئے گئے ہیں ، جن کا مقصد جناح کے اتحاد ، عقیدے اور نظم و ضبط کے اصولوں کا احترام کرتے ہوئے ان پر گامزن ہوناہے۔اخبارات، جرائد، رسائل میں خصوصی ایڈیشن شائع ہوں گے جبکہ سرکاری اور نجی ٹیلی ویژن پروگراموں اورنشریاتی اداروں پرقائد اعظم کے یوم پیدائش کی تقریبات کو بڑے پیمانے پر کوریج دی جائے گی جبکہ خصوصی پروگرام اور دستاویزی نشریات نشر کی جائیں گی ۔ قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سرکاری اور نجی سطح پر مباحثوں اور مقالموں کا انعقاد ہو گا۔
سیمینارز ، کانفرنسوں ، تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کا مقصد قائد اعظم کے پیغامات اور وژن کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ اجتماعات بابائے قوم کے اصولوں پر زور دینے اور فروغ دینے پر مرکوز ہوں گے، خاص طور پر قانون کی حکمرانی، آئینی بالادستی اور جمہوریت کے تحفظ پر توجہ مرکوز کریں گے۔ برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کے لئے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی تاریخی جدو جہد آزادی کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ نئی نسل کو ان اصولوں سے روشناس کرایا جا سکے ۔
پیر کے روز ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن نے یوم قائد کی مناسبت سے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) میں ایف ڈی ای اسکولوں کے درمیان تقریری مقابلوں سمیت متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔قائد اعظم محمد علی جناح ایک مخلص اور اصول پسند رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کے لئے اپنی کوششیں وقف کیں۔ اپنی دور اندیش قیادت کے ذریعے انہوں نے دنیا کے نقشے کو نئی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ نئی نسل قائد اعظم کو رول ماڈل کے طور پر اپنائے اور ان کے اصولوں پر عمل پیرا کرنے کی ضرورت ہے۔
Comments are closed.