لاہور۔24دسمبر:گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے اتوار کے روزیہاں گورنر ہائوس میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بیگم گورنر پنجاب، سابق صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین،آرچ بشپ لاہور سبسٹین فرانسس شا، ایڈوکیٹ راجہ نتھانیل گل اور گورنر ہائوس کے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔
ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل ،سربراہ یوتھ ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن شاہد رحمت ، جنرل مینجر ٹی ڈی سی پی واجد ارجمند ضیائ، ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی اشفاق ڈوگر،وکلاء برادری اورکثیر تعداد میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اس موقع پر موجود تھے۔گورنر پنجاب نے مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں آپس میں زیادہ سے زیادہ پیار، محبت اور خوشیاں بانٹنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اسلام بھی امن و سلامتی اور بھائی چارے کا سبق دیتا ہے،آپس میں محبت، اخوت اور یکجہتی سے ہی ہم اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرسکتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ فلسطین میں عورتوں، بچوں اور نہتے شہریوں پر جاری ظلم و ستم تکلیف دہ ہے، دنیا میں انسانیت پر جہاں بھی ظلم ہو اس کے خلاف آواز اٹھانی اور مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب اور بیگم گورنر نے مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیئے۔
Comments are closed.