محتسب پنجاب اعظم سلیمان خان کے حکم پر 23 سائلین کو 64.35 ملین روپے کا مالی ریلیف فراہم

 

محتسب پنجاب اعظم سلیمان خان کے حکم پر 23 سائلین کو 64.35 ملین روپے کا مالی ریلیف فراہم
محتسب آفس کے حکم پر مختلف اضلاع میں 19.12 ملین روپے مالیت کی 40 کنال سے زائد سے سرکاری اراضی واگزار
لاہور25 جون:……دفترمحتسب پنجاب کے حکم پر مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 23 شکایت کنندگان کی ملازمتوں سے متعلقہ مسائل، حصول پنشن و دیگر واجبات ملازمت اور او ایس ڈی پوسٹ تخلیق کرنے کی متفرق درخواستوں پر کارروائی کے نتیجے میں متعلقہ محکموں نے قانونی کارروائی کے بعد سائلین کو چھ کروڑ 43 لاکھ 53 ہزار 517 روپے کا مجموعی ریلیف دیا ہے۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ محتسب آفس کی کوششوں سے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے ایک دور دراز گاؤں کی رہائشی شاہینہ نامی باپردہ بیوہ خاتون کی فیملی پنشن کا مسئلہ بالا آخر حل ہو گیا ہے اورضلعی اکاؤنٹس آفس سرگودھا نے شکایت کنندہ کو پنشن بقایاجات کی مد میں ایک لاکھ 82 ہزار 695 روپے ادا کر دیے ہیں۔ ایک علیحدہ کارروائی میں محتسب آفس کے حکم پر منڈی بہاؤالدین کی شکایت کنندہ نجمہ مظہر کو متوفی شوہرکے واجبات ملازمت کی ادائیگی کے علاوہ ان کی بیٹی مہرین صباء کو قاعدہ 17 اے کے تحت گیارہویں گریڈ میں جونیئرکلرک بھرتی کر لیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دفترمحتسب پنجاب کے حکم پر مختلف اضلاع میں سرکاری اراضی اور سڑک کا راستہ واگزار کروانے کی درخواستوں پر عمل کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ نے ایک کروڑ 91 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کے 40 کنال سے زائد سرکاری رقبہ کوقابضین سے واگزار کروا لیا ہے جس سے سرکاری املاک کی حفاظت ممکن ہوئی ہے۔ایک علیحدہ درخواست پرمحتسب آفس کی کارروائی کے نتیجے میں راولپنڈی کے شکایت کنندہ محمدرمضان کی دو کنال دو مرلہ اراضی واگزار کروا دی گئی جس کی مارکیٹ ویلیو 42 لاکھ روپے ہے۔
سائلین نے قانونی ریلیف کی فراہمی پر دفتر محتسب پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
٭٭٭٭

Daily Askar

Comments are closed.