عمر مسعود الرحمن نائب صدر ایف پی سی سی آئی کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات

1

 

عمر مسعود الرحمن جیسے نوجوانوں کی ملکی ترقی کیلئے جدوجہد لائق تحسین ہے’ گورنر سندھ کامران ٹیسوری

کامران ٹیسوری جیسے کاروباری شخص کا گورنر سندھ بننا پاکستان کی بزنس کمیونٹی کیلئے بڑا اعزاز ہے’ عمر مسعود الرحمن

اسلام آباد(25جولائی 2023ء ) ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عمر مسعود الرحمن نے گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے گورنر ہائوس سندھ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر ملکی معاشی چیلنجز ، بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ معاشی ، صنعتی اور اقتصادی ترقی میں صنعت کار اور تاجروں کا کلیدی کردار ہے موجودہ حکومت صنعتی فعالیت کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یف پی سی سی آئی نے ہمیشہ پاکستان کی معاشی ترقی، کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی ہے اور میں بطور گورنر اپنی کاروباری برادری کو کبھی تنہا نہیں چھوڑوں گا۔ معاشی ، صنعتی اور اقتصادی ترقی میں صنعت کار اور تاجروں کا کلیدی کردار ہے موجودہ حکومت صنعتی فعالیت کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی فعالیت سے روزگار کے مواقع حاصل ہوتے ہیں اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوتا ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عمر مسعود الرحمن کی بزنس کمیونٹی کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمر مسعود الرحمن جیسے نوجوان ملک کی معاشی ترقی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جو لائق تحسین ہیں ۔ عمر مسعود الرحمن خیبرپختونخوا کیلئے نعمت سے کم نہیں اور یہ نوجوانوں کیلئے ایک مثال ہیں۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر عمر مسعود الرحمن کو شیلڈ بھی پیش کی ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے عمر مسعود الرحمن نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے کہ کامران ٹیسوری جیسے بزنس مین کو گورنر سندھ بنایا اسی طرح خیبرپختونخوا سے حاجی غلام علی کو گورنر بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شخصیات کا گورنر بننا خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر سندھ کو ملک کے مجموعی طور پر کاروباری، تجارتی، صنعتی اور مالیاتی چیلنجز کا بخوبی علم ہے اور خاص طور پر صوبہ سندھ کے معاملات پر انکی گہری نظر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامران ٹیسوری کے پس منظر، تربیت، تجربے اور کامیابیوں نے انہیں گورنر سندھ کے کردار کے لیے ایک بہترین انتخاب بنا دیاہے۔

Daily Askar

Comments are closed.