صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پی ڈی ایم ایز ،ریسکیو اداروں ، گرلز گائیڈز اور بوائز سکائوٹس پر زور دیا ہے کہ وہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں، کالجز اور سکولوں میں زیر تعلیم تمام طلبا وطالبات کو کارڈیک پلمونری ریسسیٹیشن (سی پی آر) اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت یقینی بنائیں تا کہ کسی بھی ناگہانی اور حادثاتی صورتحال میں قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے ، خواتین کا معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے معاشی معاملات میں مزید بہتری آئے گی ، معاشرے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ خواتین عملی زندگی میں ہراسیت سے محفوظ بنائے ۔ وہ بدھ گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن ہیڈ کواررٹر میں 12 ویں آل پاکستان کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ کیمپ میں شریک بچیوں نے ملی نغمہ اور تربیتی عمل پر محیط ٹبیلو بھی پیش کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میرے لئے انتہائی مسرت کی بات ہے کہ میں گرلز گائیڈ سے مخاطب ہوں ۔ دور طالبعلمی میں میں بھی بوائز سکائوٹس کا حصہ رہا اس میں مشکل صورتحال سے نمٹنے ، کمپنگ ،گرہ لگانے ، مل جل کر رہنے سمیت دیگر بنیادی چیزیں ،پی سی آر اور ابتدائی طبی امداد سیکھی اور اپنی عملی زندگی میں اسکا استعمال بھی کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایسی جگہ پر جب سانس لینے میں دشواری ہو یا ہارٹ اٹیک کی صورتحال ہو تو اس وقت فوری طور پر جان بچانے کے لئے کارڈیک پلمونری ریسسیٹیشن (سی پی آر)ہی واحد حل ہوتا ہے ،تمام امدادی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عمل اور ابتدائ طبی امداد کی تربیت دیں اور یہ سیکھنے کے بعد آگے لوگوں کو اس کی تربیت فراہم کرنی چاہیے، جب معاشرہ زندگی بچانے کے لئے تیار ہوجاتا ہے تو پھر وہ ہی معاشرہ ترقی کی منازل بھی طے کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حفظان صحت میں دانتوں کی صفائی بھی بہت ضروری ہے ،اگر معمول کے ساتھ دانتوںکی صفائی ہوتو 85 فیصد دانتوں کی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے ۔حضورؐ کی دانتوں کی صفائی کے حوالے سے 123 احادیث ہیں ۔حضورؐ نے پانی کو بھی احتیاط سے استعمال کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اگر دریا میں بھی وضو کر رہے ہیں پانی کا کم استعمال کریں ۔ صدر مملکت نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ہر ماہ میں چار سے پانچ منٹ لگا کر اپنا معائنہ کریں اگر چھاتی پر گلٹی ہے تو وہ فوری طور پر ڈاکٹروں سے رجوع کریں ، اس بیماری کا علاج بہت مہنگا ہے لہذا احتیاط کر کے اس بیماری سے بچاجاسکتا ہے ۔ چھاتی کے سرطان کے تیسرے اور چوتھے مرحلے پر اموات کی شرح 50 فیصد تک ہے اسی طرح دماغی صحت پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے ، مختلف عوامل کے باعث ذہنی بیماریاں بھی بڑھ رہی ہیں ۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عورت خاندان کی اینکر ہوتی ہے ، ہمارے ملک کا خاندان ابھی بھی مضبوط ہے ،خواتین معاشی سرگرمیوں میں بھی آگے آرہی ہیں جو کہ خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں 40 فیصد بچے ہیں ، ان بچوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے ،وہاں پر اسرائیلی فوج بچوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے ،ان بچو ں سمیت اپنے اردگر یتیم اور بے سہارا بچوں کے ساتھ ہمدردی لازمی ہے ۔ گرلز سکائوٹس کمشنر ماریہ صابری نے گرلز سکائوٹس کے قیام ، دوران کیمپ سرگرمیوں اور دیگر امور پر روشنی ڈالی ۔
Comments are closed.