داؤدی بوہرہ کمیونٹی کی جانب سے الڈسٹی ایریا میں صفائی مہم جاری

کراچی 25 دسمبر(نمائندہ عسکر): موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف پاکستان کی جنگ میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے، داؤدی بوہرہ کمیونٹی نے ماحولیاتی تحفظ کا ایک منفرد اقدام شروع کیا ہے۔ تقدس مآب ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کی رہنمائی میں کمیونٹی نے ہر ماہ دو دن ماحولیاتی تحفظ کی سرگرمیوں میں انفرادی شرکت کے لیے وقف کرنے کا عہد کیا ہے۔

 


تقدس مآب نے انفرادی اور سرکاری دونوں سطحوں پر شجرکاری اور صفائی کے اقدامات میں وسیع پیمانے پر شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ کمیونٹی نے اس مخصوص منصوبے کا آغاز ایک آگاہی سائیکلنگ ریلی کے ساتھ کیا، جس کے بعد بن قاسم پارک میں درخت لگانے کا پروگرام شروع ہوا۔۳۰۰سے زائد صحت کے شوقین افراد نے پروگرام میں حصہ لیا جس کے نتیجے میں ۱۱۰  درخت لگائے گئے۔

 


اگلے دن ۲۵  دسمبر (قائداعظم کے یوم پیدائش) کو اولڈ سٹی ایریا میں صفائی کی ایک جامع مہم چلائی گئی۔ کمیونٹی رضاکاروں نے، وزیر مذہبی ڈاکٹر انیق احمد اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ساتھ، بوہرا پیر مارکیٹ سے سٹی کورٹ تک تقریباً ۲ کلومیٹر کے راستے کی صفائی کا کام کیا۔ کچرا ہٹانے کے علاوہ، رضاکاروں نے تعمیراتی ملبے کوصاف  کیا اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) کے تعاون سے سیوریج کے اوور فلو کے مسائل سے نمٹا۔

 

کمیونٹی کے ترجمان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اگر ہر فرد مہینے میں صرف دو دن ایسی ماحولیاتی کوششوں کے لیے وقف کرے تو اس کے اثرات ایک پائیدار، صاف ستھرا اور سرسبز پاکستان کے قیام میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔

Web Desk

Comments are closed.