وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میں نے لاہور پریس کلب کے سالانہ انتخابات  میں منتخب ہونے والی گوورننگ باڈی کو مبارکباد

لاہور25دسمبر (نمائندہ عسکر): وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میں نے لاہور پریس کلب کے سالانہ انتخابات  میں منتخب ہونے والی گوورننگ باڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات لے رہی ہے۔ امید ہے کہ صدر ارشد انصاری اور سیکرٹری زاہد عابد کی قیادت میں لاہور پریس کلب کے نو منتخب عہدیدارن  صحافیوں کے حقوق کا بھر پور انداز میں دفاع کریں گے اور ان کے دیرینہ مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے یوم قائد اعظم محمد علی جناح اور کرسمس کی مناسبت سے پاکستانی قوم کو امن، مساوات اورقومی یکجہتی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کا تصور پاکستان احترام انسانیت پر مبنی آزاد اور خود مختارریاست کا تصور تھا جسے انھوں نے اپنی ولولہ انگیز قیادت سے حقیقت بنایا۔ قائد اعظم کے پاکستان میں برصغیر پاک و ہند میں بسنے والی تمام اقلیتوں کونمائندگی حاصل تھی۔ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی انسانی حقوق حاصل ہیں۔ہمیں قائدکے اسی تصور پاکستان کو لیکر آگے بڑھنا ہے اور اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔آج کرسمس کے موقع پوری پاکستانی قوم مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔ حکومت پنجاب مسیحی برادری حقوق کے تحفظ کے لیے ریاستی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔اسی طرح مسیحی بھائی بھی پاکستان کی تعمیر و ترقی میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستان پوری پاکستانی قوم کے لیے جناح  عظیم تحفہ ہے۔ہم سب کو ملکر اس کی حفاظت کرنی ہے اور اس کے استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے کے نظریات اور دینی اور ملی جذبات کا احترام کریں۔ انتہا پسندی اور عدم برداشت  جیسے تخریبی رویوں کی حوصلہ شکنی کریں اور اپنی تمامتر قوتوں کو صحت مند معاشرے کی تعمیر پر صرف کریں۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر نے پاکستان ٹیلی و ویژن، ریڈیو اور سٹیج کے معروف اداکار نثار قادری کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اداکاری کے میدان میں ان کی خدمات کو سراہا اور انھیں خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کے لیے مرحوم کی  خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ اللہ کریم مرحوم کے درجات بلند کرے اور انھیں جنت الفردوس میں جگہ دے۔

Web Desk

Comments are closed.