ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا اہم کردار رہا ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

پشاور۔ 25 دسمبر:نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا اہم کردار رہا ہے اور پوری قوم ان کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سےدیکھتی ہے،اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور مسیحی کمیونٹی سمیت دیگر اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی ہائوس پشاور میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کے دوران کیا۔ تقریب میں بشپ ہمفرے سرفراز پیٹر کی قیادت میں مسیحی کمیونٹی کے وفد نے شرکت کی۔

نگران وزیر اعلی نے مسیحی برادری کے وفد کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور پاکستان خصوصا خیبرپختونخوا میں بسنے والی مسیحی کمیونٹی کو کرسمَس کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسیحی برادری کو درپیش فوری نوعیت کے مسائل کو جلد سے جلد حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں جبکہ مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتی کمیونٹیز کے رہائشی علاقوں کی سکیورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی غرض سے انہیں جدید کورسز کروانے کے لئے بہت جلد ایک پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت کم سے کم پانچ لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق کریش کورسز کروائے جائیں گے تاکہ وہ بیرون ملک اپنے لئے باعزت روزگار کمانے کے قابل ہوسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت اقلیتی کمیونٹی کے نوجوانوں کو بھر پور شئیر دیا جائے گا۔

وفد کی نشاندہی پر وزیر اعلی نے پشاور کے ایک چرچ میں پانی کی عدم دستیابی کا مسئلہ فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ وفد کے اراکین نے وزیر اعلی ہائوس مدعو کرنے اور ان کی خوشی میں شریک ہونے پر نگران وزیر اعلی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وفد نے سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین کے لئے بروقت امدادی سامان بھیجنے پر بھی صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے وزیراعلی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سیکرٹری مذہبی اور اقلیتی امور ڈاکٹر اسد اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Web Desk

Comments are closed.