وزیراعلی محسن نقوی پنجاب کابینہ کے ہمراہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک، دعائیہ تقریب میں شرکت،ملکر کیک کاٹا

لاہور۔25دسمبر (نمائندہ عسکر):وزیراعلی محسن نقوی پنجاب کابینہ کے ہمراہ کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوئے اورصوبائی وزرا کے ہمراہ سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ لارنس روڈپر دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلی محسن نقوی،صوبائی وزرا،انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر شخصیات نے مسیحی برداری کے ساتھ ملکر کرسمس کا کیک کاٹا۔آرچ بشپ آف لاہور،سبسٹین فرانسیسز شا نے وزیر اعلی کو پھول پیش کئے اور دعا کرائی۔وزیراعلی محسن نقوی نے مسیحی برداری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام مسیحی برادری کو ہیپی کرسمس۔

وزیراعلی محسن نقوی نے کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں -جڑانوالہ واقعہ کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔جڑانوالہ واقعہ کے آخری ذمہ دارکو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ جڑانوالہ واقعہ میں متاثرہ گرجا گھروں اور متاثرین کے گھروں کوفوری طور پر بحال کیا گیا۔جلائے گھروں کے مالکان کو مالی امداد دی گئی تاکہ ان کی اشک شوئی ہو سکے۔جڑانوالہ واقعہ کے بعد ایسے واقعات سے بچنے کے لئے پنجاب بھر میں میثاق سنٹر قائم کئے۔ آج لاہور میں سب سے بڑے میثاق سنٹر کا افتتاح کرنے جارہے ہیں۔

تاریخ میں پہلی بار پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس جڑانوالہ کے چرچ میں منعقد کیا گیا۔اس اجلاس کا مقصد مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا،اجلاس میں جڑانوالہ میں نقصان کے ازالے اور آئندہ کے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔ جڑانوالہ واقعہ کے بعد مسلمانوں نے مسیحی بہن بھائیوں کی عبادت کیلئے مسجدوں کے دروازں کو کھول دیا۔مسیحی بہن بھائیوں کو پیغام دیا گیا کہ ہماری مساجد آپ کیلئے کھلی ہیں،آئیں آپ عبادت کریں۔مسیحی بھائیوں کیلئے مسجدوں کے دروازے کھول دینا بہت پرامید بات ہے،جسے قومی اور بین الاقوامی میڈیا پر پذیرائی ملی۔

وزیراعلی نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کے ساتھ حسن سلوک کا درس نبی پاک نے بھی دیا ہے اور قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی ہے۔دین اسلام بتاتا ہے کہ اقلیتی برادریوں کے ساتھ برابر کا سلوک کیا جائے۔مسلمان،مسیحی اور دیگر اقلیتیں سب اکٹھے ہیں،ہم سب پاکستانی ہیں اور ہم سب برابر ہیں۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کا پرچم اقلیتوں کے بغیر نامکمل ہے،سبز ہلالی پرچم سفید رنگ کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔پاکستان پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کیلئے ہے جبکہ سبز رنگ مسلمانوں کیلئے ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں مسیحی برادری کی گرانقدر خدمات ہیں جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

بہت سے بہترین تعلیمی ادارے مسیحی برادری چلارہی ہے۔سیکرڈ ہارٹ،کانونٹ اور دیگر مسیحی برادری کے تعلیمی اداروں پر فخر ہے۔ اقلیتوں کے ملازمتوں،داخلے اور دیگر مختص کردہ کوٹے پر عملدرآمدکو یقینی بنارہے ہیں۔آج کا دن ہم سب کے لئے اہم ہے،حضرت عیسی آپ کے بھی ہیں اور ہمارے بھی ہیں۔حضرت عیسی کی ولادت کی خوشیوں میں ہم برابر کے شریک ہیں۔مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں۔

صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر،انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاداورآرچ بشپ آف لاہورسبسٹین فرانسیسز شا نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، منصور قادر،اظفر علی ناصر،ڈاکٹر جمال ناصر،ابراہیم حسن مراد،مشیروہاب ریاض،،انسپکٹر جنرل پولیس،سی سی پی او،سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، سیکرٹری اوقاف،سیکرٹری اطلاعات،کمشنر لاہورڈویژن،ڈپٹی کمشنر،علمائے کرام اورمسیحی برادری کی سرکردہ شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

Web Desk

Comments are closed.