راولپنڈی25 دسمبر(نمائندہ عسکر): ریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج کے معروف اداکار نثار قادری 82 برس کی عمر میں راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔ نثار قادری کی نماز جنازہ آج عیدگاہ گراؤنڈ چکلالہ میں ادا کی جائے گی۔ نثار قادری کچھ عرصہ سے بیمار تھے، انہوں نے سوگواران میں بیوہ، 2 بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔ نثار قادری نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے 1966ء میں کیا تھا اور انہیں 2016 ان کی خدمات پر صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔ انہوں نے ٹی وی، فلموں، تھیٹر اور ریڈیو ڈراموں میں پیش کیے جانے پروگراموں میں اہم کردارادا کیے، نثار قادری اپنی ذات میں اداکاری کا ایک انسٹی ٹیوٹ تھے۔
یاد رہے کہ نثار قادری کے پی ٹی وی سے نشر ہونے والے تقریباً ہر ڈرامے کو و ملک بھر میں مقبولیت ملی تاہم ایک ڈرامہ سیریل ’’ایک حقیقت ایک افسانہ‘‘ میں ان کے تکیہِ کلام “ماچس ہوگی آپ کے پاس؟” کو جیسی آفاقی شہرت ملی وہ کسی دوسرے اداکار کے بولے ہوئے کسی جملے کو اب تک نہیں مل سکی۔ نثار قادری کے دیگر ڈراموں میں خواہشیں، آتش، پورے چاند کی رات، آدھی دھوپ، اضطراب، انگار وادی، نجات، بہادر علی، کاروان اور سمندر شامل ہیں۔
Comments are closed.