اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تیونس کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے وسیع تر اقتصادی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان رابطوں اور تبادلوں کو بڑھانا ہوگا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار تیونس کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر جاوید احمد عمرانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیونس کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک مختلف امور پر یکساں خیالات کے حامل ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ نامزد سفیر تعلیم، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تیونس کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بین المذاہب ہم آہنگی ، تنازعہ جموں و کشمیر ، فلسطین اور اسلامو فوبیا جیسے بین الاقوامی مسائل کے حل میں تعاون کیلئے او آئی سی کے بارے میں تیونس کے وژن کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ” انسداد مذہبی منافرت ” پر پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد پر تیونس کی حمایت کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر مختلف فورمز پر اسلامو فوبیا ، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کو اجاگر کریں۔
صدر نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے اور وہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں مسلمانوں پر ظلم کر رہا ہے، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے صدر قیس سعید کی قیادت میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے میں تیونس کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Comments are closed.