محمد شہباز شریف۔۔۔ٹویٹ
ہمارے مسئلے کا حل معاشی خود انحصاری کے حصول میں مضمر ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ٹویٹ
اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ہمارے مسئلے کا حل معاشی خود انحصاری کے حصول میں مضمر ہے، ملک کی معاشی ترقی ہماری کاروباری برادری کی کارکردگی اور پیداوار کے ساتھ منسلک ہے۔قومی ترقی کے بارے میں میرا تصور شراکتی سوچ سے عبارت ہمہ جہت ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا حصہ ڈالیں۔ بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کراچی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان بزنس کونسل کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران تاجر برادری کے ساتھ بات چیت میں میرا پیغام یہ تھا کہ اگرچہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک سازگار ماحول اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرے، لیکن ملک کی معاشی ترقی ہمارے کاروباری برادری کی کارکردگی اور پیداوار کے ساتھ منسلک ہے۔ تجارت اور صنعت کے سرخیل ہونے کے ناطے انہیں کاروبار، جدت اور جرات مندانہ سوچ کے ذریعے معیار کو بلند کرنے اور وسیع اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے اپنی حکومت کے 16 ماہ کے دوران معیشت کو مستحکم کرنے، توانائی کی کمی کو دور کرنے، مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے فریم ورک کے تحت اقتصادی تبدیلی کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کہ ہماری کاروباری برادری نے سنگین مشکلات کے باوجود کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے ان کے عزم و حوصلہ پر ہمیں فخر ہے۔
Comments are closed.