کراچی: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق، سندھ حکومت، ڈونرز کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کیلئے 20 لاکھ گھر بنانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، ایسا بنیادی ڈھانچہ تشکیل دینا اولین ترجیح ہے جس سے مستقبل میں کسی بھی سیلابی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سندھ کے سیلاب متاثرین کو گھروں کی چابیاں اور مالکانہ حقوق دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس پاکستان میں تاریخ کا بدترین اور تباہ کن سیلاب آیا، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ساتھ خود سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج تھا، وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں این ڈی ایم اے کے ساتھ ملکر اس چیلنج کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران مخیر حضرات نےدل کھول متاثرین کی مدد کی جو لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح ہے کہ ایسا بنیادی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے جس سے مستقبل میں کسی بھی سیلابی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حبیب بینک لمیٹڈ نے سیلاب متاثرین کے لیئے سندھ کے دو اضلاع کے دو دیہات میں گھر بنا کر نیکی کا کام سرانجام دیا ہے، کپیٹن ریٹائرڈ شجاعت عظیم نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں بھی سیلاب متاثرین کو ایک سو گھر فراہم کئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ وفاق، سندھ حکومت، ڈونرز کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کیلئے 20 لاکھ گھر بنانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، اس منصوبے سے سیلاب متاثرین کے دکھوں کا مداوا ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، صوبائی و وفاقی اداروں اور حکومت سندھ کی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلیے کوششوں کو سراہا۔ اس موقع وزیر اعظم شہباز شریف نے متاثرین کو گھروں کے حصول پر مبارکباد دی۔ کمشنر حیدرآباد نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف نے گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ جامشورو کے گائوں قادر بخش حکڑو کی سیلاب متاثرین کو گھروں کی چابیاں اور مالکانہ حقوق کے کاغذات دیئے۔
Comments are closed.