سعودی عرب، جدہ میں تیسری حج و عمرہ کانفرنس 2024 کی تیاریاں مکمل
جدہ ۔26دسمبر (اے پی پی):سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی تیسری حج و عمرہ کانفرنس 2024 کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق کانفرنس 8 سے 11 جنوری کو جدہ کے سپرڈوم میں وزارت حج وعمرہ کی زیر نگرانی ہو گی۔ اس کا مقصد عازمین کے لئے سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔کانفرنس ا و رنمائش میں مختلف ممالک سے حج وعمرہ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے شرکت کریں گے۔ حج و عمرہ کانفرنس و نمائش میں مختلف ممالک کے حج مشنز کے علاوہ عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے والے ادارے اور کمپنوں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
کانفرنس کا مقصد عازمین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا اورسابقہ تجربات کی روشنی میں بہتر لائحہ عمل اورخدمات کو متعارف کرانا ہے۔ کانفرنس میں شرکا کی جانب سے عازمین حج کی مملکت آمد سے فریضہ حج کی ادائیگی اور واپسی تک کے تمام مراحل زیر بحث لائے جائیں گے۔عازمین کی مملکت آمد، ٹرانسپوٹیشن، رہائش، خوراک اور دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ واضح رہے گزشتہ برس منعقد ہونے والی دوسری کانفرنس میں ایک لاکھ سے زائد زائرین نے شرکت کی تھی جبکہ 360 سے زائد حکومتی اور نجی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے اہم نمائندے اوراعلی عہدیدار بھی شریک تھے۔گزشتہ برس ہونے والی کانفرنس میں حج وعمرہ کے حوالے سے 200 معاہدوں پراتفاق کیا گیا تھا۔
Comments are closed.