فیصل آباد۔ 26 دسمبر (اے پی پی):سردی کی شدت میں اضافہ اور گیس کی کھپت بڑھ جانے کے باعث گیس کے پریشر میں کچھ کمی کی وجہ سے بعض مقامات پرکچھ گھریلوو کمرشل صارفین نے اپنے گھروں و کاروباری جگہوں پر گیس کے پریشرکو بڑھانے کیلئے غیر قانونی طریقے سے کمپریسر سمیت دیگرناجائز طریقوں کا استعمال شروع کر دیا ہے جس پر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے ان طریقوں کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے اس سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
ایس این جی پی ایل فیصل آبادکے ترجمان نے کہا کہ اپنے طور پر گیس پریشر بڑھانا انتہائی خطرناک وغیرقانونی ہے کیونکہ نصب شدہ گیس پائپ لائن بڑھایا ہوا گیس پریشر برداشت نہیں کر سکتی اور اس سے کسی بھی جگہ لیکیج ہونے کا شدید خطرہ ہے جو انسانی جانی و مالی نقصان کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس نے اچانک چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے لہٰذا اگر کسی جگہ پر ناجائز طریقوں سے گیس کا پریشر بڑھانا پایا گیا تو متعلقہ صارف کا گیس کنکشن منقطع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے گھریلو وکمرشل صارفین کو ہدایت کی کہ اگر کسی نے گیس پریشر بڑھار کھا ہے تو وہ اپنے تحفظ کیلئے اسے فوری طور پر ختم کر دے ورنہ دوران چیکنگ پکڑے جانے پر ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments are closed.