صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں کا مسئلہ قابل قبول نہیں، میڈیا ورکرز اور صحافیوں کو حاصل قانونی تحفظ پر عمل درآمد کرانا ہماری ذمہ داری ہے، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد۔26دسمبر(نمائندہ عسکر): نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑا ہوں، صحافیوں کی جبری برطرفیوں کا مسئلہ قابل قبول نہیں، حکومت کی ہمدردیاں میڈیا ورکرز کے ساتھ ہیں، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو حاصل قانونی تحفظ پر عمل درآمد کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔

منگل کو پارلیمنٹ ہائو س میں ایوان بالا کی پریس گیلری سے واک آئو ٹ کرنے والے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں کے حوالے سے چیئرمین پیمرا سے بھی بات ہوئی ہے جبکہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس جمعہ کی سہ پہر ہوگا، اس مسئلہ کے بارے میں قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن سے بھی بات کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت جو بھی اقدامات ممکن ہوئے، ہم اٹھائیں گے، حکومت کی ہمدردیاں میڈیا ورکرز کے ساتھ ہیں، میڈیا ورکرز اور صحافیوں کو جو قانونی تحفظ حاصل ہے، اس پر عمل درآمد کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ قبل ازیں سینیٹ اجلاس کے دوران صحافیوں نے ایوان بالا کی پریس گیلری سے مختلف میڈیا اداروں سے صحافیوں کی جبری برطرفیوں کے معاملہ پر واک آئوٹ کیا تھا۔

Web Desk

Comments are closed.