گلگت بلتستان حکومت نے گندم کی قیمت میں مناسب اضافے کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کے بعد اتفاق رائے

گلگت 26 دسمبر (نمائندہ عسکر): صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے عوام کو گندم کی فراہمی کیلئے معیار میں بہتری اور مقدار میں اضافےکیلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔گلگت بلتستان حکومت نے گندم کی قیمت میں مناسب اضافے کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کے بعد اتفاق رائے سےکیا ہے۔اس حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کئی اہم نشستوں کا انعقاد ہوا،جس کے بعد تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی اور گرینڈ جرگہ کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے کاوشوں اور جذبات کو سراہا گیا ہے اور اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان کی خوشحالی اور حقوق کے تحفظ کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حقدار کو سبسڈائزڈ گندم اور آٹے کی منصفانہ اور شفاف طریقے سے تقسیم کے عمل کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ڈیلر سسٹم کو ختم کرنے اور بائیو میٹرک سسٹم لانچ کرنے جارہے ہیں تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو وافر مقدار میں آٹا مل سکے۔گلگت بلتستان میں گندم کی وافر مقدار میں عدم دستیابی ایک دیرینہ مسئلہ رہا ہے۔ سابقہ حکومتوں نے سیاسی مصلحتوں کا شکار ہو کر گلگت بلتستان کو ایک بڑے بحران میں دھکیل دیا ہے، جس کے مستقل حل کے لئے حکومت کوشاں ہے۔ گلگت بلتستان حکومت عوام کے مسائل کے حل اور انکے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم عوامی حمایت اور تائید سے تمام حل طلب مسائل کے پائیدار بنیادوں پر حل یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

Web Desk

Comments are closed.