پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت صرف ایک سیاسی ذمیداری نہیں، بلکہ ایک ایسی قوم کے لئے امید کی کرن ہے جو ترقی، انصاف اور جمہوری اقدار کی تلاش میں ہے۔

کراچی / اسلام آباد / لاڑکانہ (26 دسمبر2023) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت صرف ایک سیاسی ذمیداری نہیں، بلکہ ایک ایسی قوم کے لئے امید کی کرن ہے جو ترقی، انصاف اور جمہوری اقدار کی تلاش میں ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، فریال تالپور نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ایک مسلم اکثریتی ملک کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون وزیراعظم کی حیثیت سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جھوٹی روایات کو توڑتے ہوئے نئے سماجی اقدار کی بنیاد رکھی اور پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک لازوال میراث چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ویژن و دانش پر مبنی اصلاحت کے ایجنڈے کو آگے بڑھاکر ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا جس میں تمام شہریوں کے لیے ترقی، مساوات اور سماجی انصاف کو یکساں طور اپنایا جائے۔ فریال تالپور نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی لازوال میراث مناصب تک ہرگز بھی محدود نہیں ہے بلکہ اس میں خاص طور پر پسماندہ طبقات کی وہ زندگیاں بھی شامل ہیں جن کو ان کی انتھک کوششوں کے باعث غربت سے نجات اور خودمختاری ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی کاوشیں صرف ایک سیاسی موقف نہیں، بلکہ ایک ایسے ماحول کو پروان چڑھانے کا ویژن تھا کہ جہاں خواتین کی صلاحیتیں پھل پھول سکیں اور معاشرے میں بامعنی کردار ادا کرسکیں۔ فریال تالپور نے پوری قوم بالخصوص نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن ایک ایسے سیاسی منظر نامے کو فروغ دینا ہے جو تنوع، مکالمے اور جمہوریت کے اصولوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو پایئہ تکمیل پہنچانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام 8 فروری کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں، جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے کی روشنی میں، معاشرے سے تقسیم اور نفرت کی روایتی سیاست کا خاتمہ کرنے اور پاکستان کے لئے اتحاد، خوشحالی اور حقیقی سربلندی کے دور کا آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

Web Desk

Comments are closed.