کراچی۔ 26 دسمبر: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا میں کامیابی کے لیے خود کفالت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان ترقی کرے گا کیونکہ پاکستان میں باصلاحیت افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں بحریہ آڈیٹوریم میں پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج (پی این ای سی) کے 35ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ریکٹر نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمود اور کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل محمد سلیم بھی موجود تھے۔کانووکیشن کے دوران غیر ملکی طلبا سمیت مجموعی طور پر 368گریجویٹس کو بیچلرز اور پوسٹ گریجویٹ کی ڈگریاں دی گئیں۔
صدر مملکت نے طلبا کو ان کی شاندار کارکردگی پر 39میڈلز سے بھی نوازا۔کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی ترقی کرتی ہوئی صنعت کو معیاری انجینئرز فراہم کر نے اور تعلیم کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پی این ای سی کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے تناظر میں پی این ای سی کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نسٹ پی این ای سی ملک کی موجودہ انجینئرنگ کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کا سب سے بڑا ادارہ ہونے کا اعزاز برقرار رکھے گا۔
صدر مملکت نے فارغ التحصیل طلبا اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور فارغ التحصیل طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے معاشرے کے فعال رکن بنیں اور ٹیکنالوجی میں تیزی سے بدلتی ہوئی ترقی کے ساتھ خود کو باخبر رکھیں۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے طلبہ کی طرف سے ڈگریوں کی تکمیل کو طلبہ کے لیے علم کے دروازے کھولنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھیں زیادہ سے زیادہ سیکھنا چاہیے۔قبل ازیں کمانڈنٹ پی این ای سی کموڈور توقیر احمد خواجہ نے بتایا کہ پی این ای سی اپنے طلبا کو متعدد شعبوں میں انجینئرنگ کی بہترین تعلیم فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے۔
مزید برآں انہوں ادارے سے فارغ التحصیل طلبہ کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے نوجوان انجینئرز کو تیار کرنے کے لئے مختلف فورمز پر فراہم کئے گئے مواقع پر روشنی ڈالی۔تقریب میں فوجی اور سول معززین اور فارغ التحصیل طلبا کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Comments are closed.