حکومت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور استعداد کار کو بڑھانے کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے، نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی

کوئٹہ۔ 26 دسمبر (نمائندہ عسکر):نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور استعداد کار کو بڑھانے کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ،اس حوالے سے کوئٹہ پریس کلب میں جدید ڈیجیٹل لیب قائم کی جارہی ہے ،صوبے کے بچوں اور بچیوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں صرف انہیں مواقع اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو انتخابات میں حقائق پر مبنی رپورٹنگ اور ڈس انفارمیشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے وومن میڈیا سینٹر کے زیر اہتمام این ای ڈی یو ایس اے اور کامن ویلتھ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ 5 روزہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاءسے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار اور فاروق احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

جان اچکزئی نے کہاکہ حکومت بلوچستان میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور جدید دور کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے نوجوان بچوں اور بچیوں کی ماہرانہ صلاحیتوں کو ابھار کر مزید بہتر بنانے کے لئے انہیں ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ اور آنے والے وقت میں اس کی افادیت سے روشناس کراتے ہوئے جدید مہارت مہیا کرنے کے لئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں ۔

حکومت کی کوشش ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے 7 کروڑ رو پے کے فنڈ سے مواقع پیدا کریں گے اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس طرح حکومت نے بلوچستان کے 20پسماندہ علاقوں جس میں گوادر، پنجگور، بارکھان، کوہلو، قلعہ عبداللہ اور دیگر علاقوں کی خواتین کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے خصوصی طور پر سیمینار اور ورکشاپ منعقد کرکے گھریلو سطح پر کاروبار کرنے کے مواقع اور مالی سہولیات مہیا کی ہے تاکہ وہ چھوٹے کاروبار کو شروع کرکے اس کو وسعت دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپنی تعلیم یافتہ بچیوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور انہیں روزگار فراہم کرنے کے لئے آنے والے دور کو مد نظر رکھ کر ڈیجیٹل میڈیا کی تربیت فراہم کریں تاکہ وہ اس کی افادیت سے روشناس ہوکر آگے بڑھ سکیں اور اپنے طور پر ملک کی معیشت کی مضبوطی میں کردار اد اکرسکیں کیونکہ دنیا بھر میں ڈیجیٹل میڈیا کا ابھرتے ہوئے فروغ کی وجہ سے پرنٹ میڈیا کی افادیت کم ہورہی ہے اس لئے ہمیں ڈیجیٹل میڈیا کو فوکس کرتے ہوئے اس کی افادیت سے فائدہ اٹھانا ہے جس طرح آج کسی بھی مثبت اور منفی سرگرمی کو ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلایا جاتا ہے ہم نے بھی اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارتے ہوئے نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کے لئے ان کی صلاحیتوں اور تربیت کے استعداد کار کو مزید بڑھانا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم یافتہ نوجوان بچوں اور بچیوں کی مہارت کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور اس حوالے سے صوبے میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے محکمہ وومن ڈویلپمنٹ موثر انداز میں کام کررہا ہے اور بلوچستان خواتین کو دیگر صوبوں کی نسبت تمام محکموں اور شعبوں میں پرسکون ماحول اور سہولیات فراہم کرنے والا واحد صوبہ ہے جو خواتین فیلڈ میں یا مختلف شعبوں میں امور کی انجام دہی دے رہی ہے انہیں ہر قسم کی سہولت میسر کی جارہی ہے۔

Web Desk

Comments are closed.