سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کی تھائی لینڈ میں منعقدہ انڈین اوشین نیول سمپوزیم میں شرکت

اسلام آباد 26 دسمبر (نمائندہ عسکر):  چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے تھائی لینڈ کے سرکاری دورے کے دوران بنکاک میں منعقد ہونیوالی آٹھویں انڈین اوشین نیول سمپوزیم کے سربراہان کے کانکلیو میں شرکت کی۔ سمپوزیم میں بحر ہند میں  امن و امان کے قیام کے لیے باہمی تعاون اورانڈین اوشین نیول سمپوزیم کے رکن ممالک کی پائیدار ترقی کے لیے بلیو اکانومی سے متعلق امور پر بحث و مباحثے شامل تھے۔
سمپوزیم کے دوران سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے مختلف بحری افواج کے سربراہان اور اعلی حکام بشمول کمانڈر قطر امیری نیول فورسز، کمانڈر انچیف رائل تھائی نیوی، روسی بحریہ کے ڈپٹی کمانڈر انچیف، کمانڈر رائل عمانی بحریہ، فرانس کے چیف آف نیول اسٹاف، کمانڈر ایرانی بحریہ، فلیٹ کمانڈر آف رائل نیوی برطانیہ اور وائس چیف آف میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس جاپان سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقاتوں کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی اور خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی کو بڑھانے کے لیے علاقائی بحری افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے بلیواکانومی کے موجودہ مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے بحر ہند کے ممالک کے درمیان مزید تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔

 انڈین اوشین نیول سمپوزیم کا آغازعلاقائی بحری تعاون کے فورم کو باضابطہ شکل دینے کیلئے کیا گیا ہے۔ پاکستان 2014 میں باضابطہ طور پر انڈین اوشین نیول سمپوزیم کا رکن بنا۔ پاک بحریہ انڈین اوشین نیول سمپوزیم کی سرگرم رکن ہے اور یہ فورم ممبر ممالک کو باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی امن اور سمندری سلامتی کے لیے مل کر کام کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

Web Desk

Comments are closed.