وفاقی حکومت کی جانب سے سبسڈائزڈ گندم کی قیمتیں 70 فیصد تک بڑھانے کے شدید دباو کے باوجود صوبائی حکومت نےعوامی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی تنظیموں سے مشاورت کے بعد مناسب قیمت مقرر کی ہے۔ سینئیر صوبائی وزیر تعمیرات سید امجد زیدی

گلگت ( پ ر) سینئیر صوبائی وزیر تعمیرات سید امجد زیدی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سبسڈائزڈ گندم کی قیمتیں 70 فیصد تک بڑھانے کے شدید دباو کے باوجود صوبائی حکومت نےعوامی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی تنظیموں سے مشاورت کے بعد مناسب قیمت مقرر کی ہے، جو عام آدمی کے پہنچ کے مطابق ہے۔عوامی منشا کے عین مطابق سبسڈائزڈ گندم قیمتوں کے تعین کے بعد اپوزیشن جماعتوں اور پریشر گروپوں کی عوام کو گمراہ کرکے اپنے سطحی مفادات پروان چڑھانے کی سیاست عملی طور پر دفن ہو گئی ہے۔ سبسڈائزڈ گندم کی قیمت خرید اور قیمت فروخت میں تفاوت بڑھ گئی تھی اور افراط زر میں کمی اور مہنگائی میں شرح میں اضافہ کی وجہ سے مناسب اضافہ ناگزیر تھا، جسے عوام نے بھی خوش دلی سے قبول کیا ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے کہ محکمہ خوراک میں گزشتہ چند مہینوں میں سبسڈائزڈ گندم اور آٹے کی بلیک مارکیٹنگ، سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی سمیت فلور ملز کے خلاف غیر معیاری آٹے کی فراہمی پر سخت ایکشن لیا گیا اور محکمے میں جدید اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لائے جا سکیں۔ موسم سرما میں غذائی بحران کے خدشے کے پیش نظر صوبائی حکومت نے بروقت فیصلہ کر کے عوام دوستی کا حق ادا کر دیا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کیلئے ملکی سطح پر پیدا ہونیوالی گندم 75 فیصد سے زائد اور درآمد شدہ گندم کی شرح بیس سے 25 فیصد تک رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے عوام کو معیاری گندم اور آٹے کی سہولت ملے گی۔

Web Desk

Comments are closed.