ڈیزائننگ تھنکنگ فار انوویشن کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد ٹاپ پر صرف ایک فرد ہوتا۔۔ لیڈر، باقی کے سب پیروکار ہوتے ہیں۔۔اسداللہ چودھری
سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی۔کراچی
یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، کراچی۔۔
ڈیزائننگ تھنکنگ فار انوویشن کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد
ٹاپ پر صرف ایک فرد ہوتا۔۔ لیڈر، باقی کے سب پیروکار ہوتے ہیں۔۔اسداللہ چودھری
کراچی، 27/جون 2023ء۔۔سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام سرسید ٹاور میں ڈیزائننگ تھنکنگ فار انوویشن کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔معروف ٹرینر اور موٹیویشنل مقرر اسد اللہ چودھری نے بڑی خوش اسلوبی سے ورکشاپ کو کنڈکٹ کیا اور موضوع کی مناسبت سے ضروری اور مفید معلومات فراہم کیں۔اسد اللہ چودھری سرسید یونیورسٹی المنائی ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔ شرکاء میں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے نائب صدر کموڈور (ر)سلیم صدیقی،ممبرایگزیکیٹو کمیٹی فرخ نظامی، سینئر علیگز عادل عثمان،،ابصاراللہ، مسعود عالم سمیت سرسید یونیورسٹی المنائی ایسوسی ایشن کے کنوینئرسراج خلجی، سرسیدیونیورسٹی کے روسائے کلیات، سربراہانِ شعبہ جات و دیگر افراد شامل تھے۔
ممتاز ٹرینر اور موٹیویشنل اسپیکر اسد اللہ چودھری نے موضوع کے حوالے سے ڈیزائننگ تھنکنگ فار انوویشن کے اغراض او مقاصد اور اس کی افادیت پر تفصیلی گفتگو کی اور کیسے ایک بہترین بزنس ماڈل تشکیل دیا جاسکتا ہے، اس بارے میں رہنمائی فراہم کی۔انھوں نے کہا کہ بزنس ماڈل کی تشکیل میں 4 باتوں کا دھیان رکھنا ضروری ہے۔۔کسٹمر کی ترجیحات، منافع کا فارمولا، اہم وسائل اور طریقہ کار۔
انہوں نے بتایا کہ انجینئرنگ مائنڈ سیٹ ہمیں یہ بتاتا ہے کہ آپ کے پاس مسائل کا حل ہے جبکہ ڈیزائن سوچ کسٹمرزکے نقطہ نظر سے مسئلے کے درپردہ مسئلے کو تلاش کرنے اور سمجھنے پر زور دیتی ہے۔جدید دنیا میں ترقی اور کامیابی کا راز جد ت طرازی ہے۔صرف وہی لوگ موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جو اس کے لئے تیار ہوتے ہیں۔صرف ایک فرد ہی بلندی پر پہنچتا ہے، اور وہ ہوتا ہے لیڈر، باقی تمام اس کے پیروکار ہوتے ہیں۔اورآپ کو لیڈر بناتی ہے منفرد سوچ۔پہلا ہونا اتنا اہم نہیں جتنا قائم رہنا اہم ہے۔
اسد چودھری نے وضاحت کی کہ کسٹمرزکی ضروریات وترجیحات کو سمجھنے،، مفروضوں کو چیلنج کرنے، مسائل کی ازسرنو وضاٖحت اور پروٹوٹائپ و ٹیسٹ میں ڈیزائن تھنکنگ کا بخوبی اور موثر استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس کے پانچ مرحلے ہوتے ہیں۔ایمپے تھائزEmpathize، ڈیفائن Define، آئیڈیٹ Ideate، پروٹوٹائپ اور ٹیسٹ۔ ڈیزائن تھنکنگ اُن مسائل کے حل کرنے میں زیادہ کارآمد ہیں جو مبہم اور نامعلوم ہوتے ہیں۔
سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ورکشاپ متعلقہ شعبے میں آپ کی مہارت سے آگے بڑھ کر آپ کو ایک غیرمعمولی اور فعال لیڈر بننے کا موقع فراہم کرتی ہے اور اسٹریٹجک اہداف کے حصول کے لئے کاروباری سرگرمیوں سے ہم آہنگ کرتی ہے۔موجودہ صورتحال ہمیں ایک اسٹریٹجک مفکر بنانے کا متقاضی ہے جو ادارے کے اندر تبدیلیوں کی رہنمائی کرسکتا ہو،غیر یقینی صورتحال کو بھانپ سکتا ہو اور ادارے میں ہر سطح پر مسابقتی فوائد کا تحفظ کرسکتا ہو۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ جدت طرازی اب ہر ایک کی ضرورت بن چکی ہے کیونکہ ہر فرد چاہتا ہے کہ کم خرچ پر بہتر نتائج حاصل کرے۔اسی لئے ہمیں ڈیزائن تھنکنگ کی ضرورت پڑتی ہے۔کسی بھی ادارے میں ہر سطح پر ڈیزائن تھنکنگ ہمیں وہ اوزارفراہم کرتی ہے جو انوویٹو سوچ والا بننے کے لئے ضروری ہیں ڈیزائن تھنکنگ وہ تخلیقی مواقع آشکار کرتی ہے جو پہلے ہماری نظروں سے اوجھل تھے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب دنیا بھر میں جامعات کا کردار مکمل طور پر بدل چکا ہے۔اب تعلیم چند شعبہ جات میں کلاس روم تک محدود نہیں رہی ہے بلکہ اس کا دائرہ کار وسیع ہوچکا ہے۔آن لائن ایجوکیشن اور اِی لرننگ نے تعلیمی عمل کے پورے تصور کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔ہمیں اپنے طرزِ فکر کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ طلباء کی اب اس انداز میں تربیت کی جانی چاہئے کہ نہ صرف انہیں مواقع کا بروقت پتہ چل سکے بلکہ جب بھی کوئی موقع ملے وہ اس سے استفادہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار بھی ہوں۔وہ ڈیزائن تھنکنگ کو استعمال کرتے ہوئے منفرد آئیڈیاز پیش کر سکتے ہیں۔
اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کی المنائی ایسوسی ایشن کے کنوینئر سراج خلجی نے کہا کہ ترقی و کامیابی کے حوالے سے پہلے کہا جاتاتھا کہ آسمان کو چھولینا ہمارا ھدف ہے، لیکن اب توکہا جاتا ہے کہ آسمان تو صرف ایک لانچگ پیڈہے۔ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں۔ہمارا عزم ہے کہ ہم سرسید یونیورسٹی کو ایسی بلندی پر لے جائیں جہاں عالمی سطح پر یہ ایک ایسی کاجامعہ کے طور پر تسلیم کی جانے لگے جومنفرد سوچ رکھنے والے انو ویٹو پروفیشنل تیار کرتی ہے۔
عبدالحامد دکنی ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن
کیپشن: سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، سرسید یونیورسٹی کی المنائی ایسوسی ایشن کے کنوینئر سراج خلجی کے ہمراہ مہما ن مقرر اسد اللہ چودھری کو سوونیئر پیش کررہے ہیں۔
Comments are closed.