(نمائندہ عسکر ) برانڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو (نمائندہ عسکر ) شعبہ تعلیم و تحقیق میں اس کی شاندار کارکردگی اور بہترین علمی و تحقیقی سرگرمیوں پر ایک مرتبہ پھر برانڈ آف دی ایئر ایوارڈ Brand of the Year Awardسے نوازا گیا۔
پاکستان میں برانڈنگ ٹرانسفارمیشن کے لیے برانڈ فاؤنڈیشن بہترین عالمی رجحانات، مہارت،اور وسائل کو فروغ پر توجہ دے رہا ہے۔برانڈ امپاورمنٹ اکانومیBrand Empowerment Economy کو یقینی بنانے کے لئے وہ عالمی مارکیٹ میں مقامی برانڈز کو عالمی برانڈز کے مدِمقابل لانے کی جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں۔
اس شاندار کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ سرسید یونیورسٹی نے دوسری مرتبہ برانڈ آف دی ایئرایوارڈ حاصل کیا ہے جو جامعہ کی کثیرالجہتی شاندار ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔سرسید یونیورسٹی نے تعلیم، تحقیق، تدریسی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں ہمیشہ نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔جامعہ سرسید نیشنل آئیڈیا بینک کی ایک اہم شراکت دار رہی ہے اور اس نے قومی سطح کے پروگراموں میں نیشنل ہوسٹ کے فرائض انجام دئے ہیں۔
ڈاکٹرولی الدین نے نشاندہی کی کہ ہم اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ دنیا تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے اور مسلسل بڑھتی ہوئی پیشہ ورانہ مانگ کو پورا کرنے کے لئے، سرسید یونیورسٹی جدید ٹیکنالوجی، عصری تقاضوں سمیت قومی و بین الاقوامی سطح پر ہونے والی علمی، فکری و تخلیقی سرگرمیوں سے اپنے آپ کوہم آہنگ رکھتی ہے۔سرسید یونیورسٹی نوجوانوں کو جدید و اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کررہی ہے اور قومی و بین الاقوامی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔جامعہ میں تحقیقی سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور طلباء کی اس انداز سے تربیت کی جاتی ہے کہ وہ عملی زندگی کے چیلنجوں سے باآسانی اور بخوبی نمٹ سکیں۔
رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی ترقی پسند سوچ رکھتی ہے اور سائنس، انجینئرنگ وٹیکنالوجی اور بزنس مینجمنٹ میں پیشرفت کو ترجیح دیتی ہے۔
سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی، ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ اینڈ آرکیٹکچر، پروفیسر ڈاکٹرمیر شبّرعلی، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز و ڈین فیکلٹی آف بزنس مینجمنٹ اینڈ سوشل سائنسز،پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف اور ڈائریکٹر فنانس مناف ایڈوانی کے ہمراہ قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر مہمانِ خصوصی راجہ پرویز اشرف سے برانڈ آف دی ایئر ایوارڈ حاصل کیا۔
عبدالحامد دکنی
ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن
کیپشن: سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر مہمانِ خصوصی راجہ پرویز اشرف سے برانڈ آف دی ایئر ایوارڈ وصول کررہے ہیں۔

Comments are closed.